کوئٹہ:تین مقامات پر فائرنگ ،پولیس اہلکار سمیت 8 افراد ہلاک

کوئٹہ: کوئٹہ میں پندرہ منٹ کے اندر ٹاگٹ کلنگ کے تین واقعات میں نو افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔ آٹھ مقتولین کا تعلق ہزارہ قبیلے سے ہے۔ صورتحال کے پیش نظر ایف سی کی مزید دس پلاٹون طلب کر لی گئیں۔ کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن سے شہر کی طرف آنے والی کار کو روک کر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں چھ افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے دس منٹ بعد سبزل روڈ پر ایک دوسری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ شالکوٹ میں نامعلوم افراد نے ایک پولیس اہلکار کو قتل کردیا۔ جاں بحق افراد کی نعشیں بولان میڈیکل کمپلیکس پہنچا دی گئیں۔ مشتعل افراد نے مغربی بائی پاس روڈ، بروری روڈ اور دیگر علاقوں میں ٹائر جلا کرٹریفک معطل کردی۔ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد شہر میں کاروبار زندگی معطل ہے اور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر ایف سی کی مزید دس پلاٹون طلب کر لی گئیں ہیں جبکہ نو پلاٹون شہر میں پہلے ہی موجود ہیں۔ ایف سی اور پولیس نے ناکہ بندی کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح دہشت گرد ہمارے صبر کا امتحان لے رہے ہیں۔ اگر ہزارہ کشی کا عمل بند نہ ہوا تو حالات کی زمہ داری حکومت پر ہوگی۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz