شاہد آفریدی نے ٹیم کو بحران میں چھوڑ دیا

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب پاکستان لارڈز کے نیوٹرل گراؤنڈپر کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 150رنز سے ہارگیا۔ شاہدآفریدی کے اس جذباتی فیصلے سے قومی ٹیم نئے بحران سے دوچار ہوگئی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ کسی بھی ٹیم میں جس کھلاڑی کے سر پر کپتانی کا تاج سجایا جاتا ہے ۔وہ اپنی ٹیم کو بحرانوں سے نکالنے میں ایک قائد کی حیثیت سے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا ہے۔لیکن پاکستان ٹیم کے ساتھ معاملہ ذرا مختلف ہے ۔ماضی پر نظر دوڑائی جائے تو عامر سہیل کپتان ہوتے ہوئے غائب ہوگئے تھے۔پھر یونس خان نے عین سیریز کے دوران استعفیٰ دے کر سب کو حیران کیا۔اسی طرح محمد یوسف بھی ٹیم کو بیچ منجھدار میں چھوڑ کر تبلیغ پر چلے گئے اور اب شاہد آفریدی نے اپنی ذمہ داریوں سے فرار حاصل کر کے قومی ٹیم کو مخمصے کی کیفیت میں چھوڑ دیا ہے۔ان کے اس فیصلے کو آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے بھی مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے بیک وقت شاہد آفریدی کے تین بیانات سنے۔کیونکہ میچ ختم ہونے سے ایک دن پہلے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ کپتانی انجوائے کر رہے ہیں۔انہیں یہ اعزاز چار سال پہلے ملنا چاہیے تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ٹیم کو متحد رکھنے کے لیے تمام کھلاڑیوں کو رات کے کھانے پر لے جاتے ہیں۔آخر راتوں رات ایسی کیا بات ہوئی کہ شاہد آفریدی تیسری بار ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے پر مجبورہوئے۔اور وہ بھی ایک ایسے وقت میں جب انہیں تینوں طرح کی کرکٹ کے لیے قومی ٹیم کا کپتان مقررکیا جا چکا تھا۔کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ آفریدی کے اس طرح قیادت چھوڑنے سے ٹیم کا مورال خراب ہوگا جبکہ کئی ایک کا خیال ہے کہ سیاست سے کپتان کا کیریئر تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔لیکن بعض ناقدین یہ رائے بھی رکھتے ہیں قومی ٹیم میں ریٹائرمنٹ بلیک میلنگ بن گئی ہے۔ دوسری طرف اسی انداز میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے محمد یوسف سے بورڈ نے ایک بار پھر رابطہ کر لیا ہے۔آپ کے خیال میں قومی ٹیم کا مستقبل کیسا ہو گا؟کیا ایک دوسرے کے خلاف قرآن پاک پر حلف لینے والا گروپ واپس آجائے گا؟ یا نئے کھلاڑیوں کو چانس دے کر ٹیم کو نئے خطوط پر استوار کرنے کی کوشش کی جائے گی؟۔ کہیں شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ کرکٹ بورڈ کے انتظامی ڈھانچے میں کسی بڑی تبدیلی کا اشارہ تو نہیں؟ 

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz