بینظیر قتل کیس: مشر ف کے وارنٹ گرفتاری جاری

راولپنڈی: راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بینظیر قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ انیس فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر دو کے جج رانا نثار نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بینظیر قتل کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت سابق ڈی جی آئی بی بریگیڈیئر اعجاز شاہ ریٹائرڈ اور کرائسسز مینجمنٹ سیل کے سربراہ بریگیڈیئر جاوید چیمہ ریٹائرڈ کے بیانات قلمبند کئے گئے۔ اعجاز شاہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ پرویز مشرف کو بینظیر بھٹو کے قتل کی سازش کا پہلے سے علم تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بی بی کی شہادت کے بعد پرویز مشرف کی طرف سے بلائے گئے اجلاس میں وہ موجود تھے۔ اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ جاوید چیمہ کو ترجمان بنا کر پریس کانفرنس کرائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کا مقصد پرویز مشرف اور حکومت کو کلین چٹ دلانا تھا۔ جاوید چیمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے محترمہ کے قتل کے بعد پرویز مشرف کے کہنے پر پریس کانفرنس کی تھی۔ عدالت نے اعجاز شاہ اور جاوید چیمہ کے بیانات پر پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں انیس فروری کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ انیس فروری کو پیش نہ ہونے کی صورت میں سابق صدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے۔ ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ڈی آئی جی واجد ضیا کو بے نظیر قتل کیس کی تحقیقاتی ٹیم کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz