سعید اجمل کو صدمہ!

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سیمی فائنل کے آخری اوورز میں 23 رنز کے شکار سعید اجمل نے کہا ہے کہ وہ ابھی تک شکست کے صدمے سے باہر نہیں آسکے۔ ایک ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آخری اوور میں مائیکل ہسی کی شاندار اننگز اور دھواں دار بیٹنگ نے مجھے صدمے سے دوچار کر دیا، یہ میرے لئے مشکل اور جذباتی وقت ہے اور جس کیفیت سے گزر رہا ہوں اس کو بیان نہیں کر سکتا۔ ساتھی کھلاڑیوں نے میری ہر ممکن دلجوئی کی تاہم میں اب بھی اپ سیٹ ہوں کیونکہ میری بولنگ اچھی نہیں رہی تھی۔ سعید اجمل نے کہا کہ ناکامی کے بعد ہر ایک نے میرے پاس آکر مجھ سے کہا کہ ہم متحد ہو کر کھیلے ہماری کارکردگی اچھی رہی، سب کا کہنا تھا کہ ناکامی کا ذمہ دار میں نہیں ہوں کسی نے بھی مجھ پر انگلی نہیں اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے مطابق مجھے مائیکل ہسی کو تیز یارکر پھینکنی تھی پہلی گیند درست انداز میں پڑی جو جانسن نے کھیلی مگر ایک رن کے بعد مائیکل ہسی کریز پر آگئے اور اچانک تیز ہوا چلنے لگی اور تیز یارکر پھینک سکا اور نہ ہی لائن لیتھ قائم رہ سکی۔ انہوں نے کہا کہ اس صدمے سے باہر نکل کر ایشیا کپ کیلئے تیاری کروں گا۔ مجھے اپنی صلاحیتوں پر بھروسا ہے اور یقین ہے کہ میں سینٹ لوسیا کے بعد ایشیا کپ میں دوبارہ بہتر انداز میں بولنگ کر سکوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کو وہ اپنی زندگی کا بدترین میچ قرار دیں گے جس میں جیتا ہوا میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz