شاہد آفریدی قومی ٹیم کے نئے کپتان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کو T-20کے ساتھ ساتھ ون ڈے اور ٹیسٹ کے لیے بھی قومی ٹیم کاکپتان مقرر کر دیا ہے۔ شاہد آفریدی اپنے جارحانہ کھیل کی وجہ سے شائقین کرکٹ میں پسندیدگی کی نظر سے دیکھے جاتے ہیں۔ میدان میں ان کی موجودگی تماشائیوں میں جو ش و ولولے کا باعث بنی رہتی ہے۔ تاہم حال میں ویسٹ انڈیز میں ہونے والے T-20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے وہ شائقین کو اپنے روایتی کھیل سے محظوظ نہیں کر پائے۔ زوردار بیٹنگ اور جادوئی بولنگ میں ناکامی کے ساتھ ساتھ کپتان کی حیثیت سے بھی ان کے فیصلوں میں خامیاں دکھائی دیں ۔جسے انہوں نے خود بھی تسلیم کیا ہے۔ تجزیہ نگاروں کی بھی یہی رائے تھی کہ انہیں مستقل طور پر کپتان بنا دیا جائے تو وہ اپنے آپ کو منوانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔دیکھنا یہ کہ شاہد آفریدی جنہیں ایک ایسی ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے۔جس میں ہر دوسرا کھلاڑی اپنے کپتان کو ہٹا کر خود کپتان بننے کے خواب دیکھتا ہے۔ سینئر اپنے جونئیر کی قیادت میں کھیلتے ہوئے سبکی محسوس کرتا ہے۔ کئی کھلاڑی مل کر ایک دوسرے کے خلاف گروپ بندی کرتے ہیں۔اور قرآن پر حلف اٹھانے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ ایک بھائی کوناقص کارکردگی پر باہر بٹھا یا جائے تو دوسرے بھائی کی کمر میں چوک پڑ جاتی ہے۔ نوجوان فاسٹ بولر فیلڈنگ کے لیے وہاں کھڑے ہونا پسند کرتے ہیں جہاں لڑکیاں زیادہ ہوں۔ اور خود شاہد آفریدی کوئی وکٹ نہ لے پائیں تو گیند چبانے لگتے ہیں۔ اس صورتحال میں وہ مستقل بنیادوں پر کپتانی کا بوجھ کیسے برداشت کر پائیں گے۔یہ ایک ایسا سوال ہے جس کاجواب ایشیا کپ اور دورہ ء انگلید کے دوران مل جائے گا۔ لیکن آپ کی ماہرانہ رائے بھی سامنے آجائے تو یقینی طور پر قومی ٹیم کی اصلاح بھی ہو سکتی ہے۔اور کپتان شاہد آفریدی اسے جیت کی راہ پر گامزن بھی کر سکتے ہیں۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz