عوام پر پھرلوڈشیڈنگ کا عذاب نازل!

کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کابحران ایک بار پھر سنگین ہوگیا، بدھ کو ہر آدھے اور ایک گھنٹے بعد ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا شہریوں کو عذاب بھگتنا پڑا ،کے ای ایس سی کا کہنا ہے کہ پی ایس او رعایتی نرخوں پر گیس فراہم کرے جبکہ پی ایس او کا کہنا تھا کہ رعایتی نرخ کا پیریڈ ختم ہوگیا اور کے ای ایس سی اب مارکیٹ ریٹ پر تیل خریدے،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے شہر میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو گورنر ہاؤس طلب کرلیا اورواضح کیا کہ عوام کو اداروں کی آپس کی چپقلش اور تیکنیکی و فنی تفصیلات میں نہ الجھایا جائے ۔تفصیلات کے مطابق کے ای ایس سی اور پی ایس او کے درمیان منگل کی شام شروع ہونے والے تنازع کے دوران بدھ کی صبح تقریباً 6بجے کے ای ایس سی کی حبکو ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی جس کے نتیجے میں کینپ کے ای ایس سی سرکٹ بھی بند ہوگئے اور کینپ سے 80میگا واٹ کی سپلائی بند ہوگئی۔ بدھ کی صبح 6بجے آنے والی ٹرپنگ سے متعدد علاقے 15کے قریب گرڈ اسٹیشن بھی بند ہوگئے جو بعدازاں 2گھنٹے بعد بحال ہوئے تاہم کے ای ایس سی کے پاس فرنس آئل نہ ہونے کے باعث اس نے بدھ کو اپنے یونٹس سے بجلی کی پیداوار کم کردی جس سے شہر میں بجلی کی زبردست بحران پیدا ہوگیا۔ دن بھر اور رات کو لوڈ شیڈنگ میں ہونے والے غیر معمولی اضافے نے لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر کئے۔ امتحانات میں مصروف طلبہ اور بعض نجی اسپتالوں میں مریضوں کو مشکلات ہوئیں۔ سرکاری و پرائیویٹ دفاتر اور شہر کے شاپنگ سینٹرز کاروباری مراکز بھی متاثر ہوئے بعض پمپنگ اسٹیشنوں پر جنریٹرز نہ ہونے کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی سپلائی بھی معمول کے مطابق نہ ہوسکی شہر کا شاید ہی کوئی علاقہ ہو جہاں سے ہر آدھے اور ایک گھنٹے بعد ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نہ کی گئی ہو ۔دریں اثناء ذرائع نے بتایا کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ 2ہزار کے قریب ڈیمانڈ رہی جبکہ کے ای ایس سی کو 600میگا واٹ کی کمی کا سامنا تھا واپڈا سے بدستور کوٹے کے مطابق 650میگا واٹ بجلی مل رہی تھی۔ اسی طرح سارے ملک میں بجلی کا بحران پھر شدت اختیار کر گیا ہے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے ۔

بجلی کے نرخوں میں اضافے کے بعد بھی بجلی کا بحران عوام کے ساتھ ظلم نہیں ہے؟

لوڈ شیڈنگ کی وجہ واقعی بجلی کی رسد میں کمی ہے یاکچھ اور؟

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz