ڈاکوؤں کو زندہ جلانے کا رجحان!

کھڈا مارکیٹ میں ایک شہری کو فائرنگ کرکے ہلاک کرنے والے 2ڈاکوؤں کوعوام نے زندہ جلا دیا جبکہ قانون ہاتھ میں لینے پر سیکورٹی فورسز نے 20افراد کوحراست میں لے لیا جس پر عوام نے سخت احتجاج کیا ، پولیس کے مطابق بدھ کی شب 2مسلح ڈاکوؤں نے تھانہ بغدادی کی حدود کھڈا مارکیٹ،شاہ ولی اللہ روڈ پر حبیب بینک کے قریب لوٹ مار کے دوران فائرنگ کرکے حکیم ولد اسماعیل نامی شخص کو شدید زخمی کر دیا جو بعدازاں اسپتال میں چل بسا، اس کے سر میں 2گولیاں ماری گئیں،موقع پر موجود علاقے کے لوگ یہ واقعہ دیکھ کر سخت مشتعل ہوگئے ، جنہوں نے پہلے تو دونوں ڈاکوؤں کوشدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر ان پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی جس سے دونوں ڈاکو موقع پر ہی جل کر ہلاک ہوگئے۔انکی لاشیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال پہنچائی گئیں، دونوں ڈاکوؤں کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں تاہم فوری طور پر ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔دریں اثناء ڈاکوؤں کوجلانے اور قانون اپنے ہاتھ میں لینے پر سیکورٹی فورسز نے 20 افراد کو حراست میں لے لیا۔جس کے خلاف علاقہ مکینوں نے سخت احتجاج کیا اور ماڑی پور روڈ پر دھرنا دیا بعدازاں سیکورٹی فورسز نے صورت حال کنٹرول کی ۔

کیا عوام کا ڈاکوؤں کو زندہ جلایا جانا درست اقدام ہے؟

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz