پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ نے جاوید میانداد کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہاہے وہ ہر ماہ10 لاکھ روپے تنخواہ لے رہے ہیں لیکن کام ایک کوڑی کا بھی نہیں کرتے، گھر بیٹھ کر سیاست کریں، یہ بات درست نہیں کہ انہیں کام نہیں دیا گیا، پی سی بی نے انکی ذمہ داریوں کا تعین کر رکھا ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ انہیں ہر کام کرنے دیا جائے ہر دفتر کا ایک ڈسپلن ہوتا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ سارا بورڈ ان کے اشاروں پر کام کرے،وہ میڈیا میں بیٹھ کر بیان بازی کر رہے ہیں ۔ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اور ماضی کے عظیم کھلاڑی جاوید میاندادنے بورڈ کے چیئرمین کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عمر رسیدہ شخص ہیں ، انہیں بھول جانے کی عادت ہے ، اس لئے آصف زرداری اس عہدے کے لئے کسی مناسب شخص کا تقرر کریں۔ اعجاز بٹ کے کام کے طریقہ کار سے اسٹاف بھی پریشان ہے، متعدد اعلیٰ افسران ان کے روے سے تنگ آکر مستعفی ہوچکے ہیں ۔یاد رہے کہ اعجاز بٹ وفاقی وزیر دفاع چودھری احمد مختار کے بہنوئی ہیں۔جاوید میاندا کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس وقت غلط سمت جارہا ہے ایسے وقت میں تمام نظریں مثبت کام کرنے والوں پر لگی ہوئی ہیں،جاوید میانداد نے کہا کہ وہ اعجاز بٹ کی نگرانی میں کام کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔