اطلاعات کے مطابق بحیرہٴ عرب میں بننے والا شدید سمندری طوفان عمان کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے بعد وہ پاکستان کا رخ کرے گا۔ سلطنت عمان کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد طوفان کی شدت کم ہوجائے گی، جبکہ کراچی میں آج بعد دوپہر آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔مندرجہ بالا دیے گئے نقشے کے مطابق کراچی کے ساحل تک پہنچنے تک سمندری طوفان ” پیٹ“ کیٹگری ٹی ڈی (Tropical Depression) میں تبدیل ہوجائے گا جس سے اس کی شدت میں کمی واقع ہوگی اور ساحلی علاقوں میں 63 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 36 گھنٹوں میں مسقط اور عمان کے شمالی علاقوں میں بارش ہو گی۔ سمندری طوفان کراچی کے جنوب مغرب میں900 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔ آئندہ24گھنٹوں کے دوران طوفان کی شدت کے مزید بڑھ جانے کی توقع ہے، جبکہ جمعرات کو سمندری طوفان کا رخ سندھ کے ساحلی علاقوں کی طرف ہوجانے کا امکان ہے۔ طوفان کی وجہ سے آئندہ24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں بارش کے امکان کے علاوہ صوبہ سندھ اور صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سمندر ی طوفان کے باعث اگلے3 سے4 روز کے دوران صوبہ سندھ کے اکثر زیریں علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کی توقع ہے، اس دوران کراچی میں بھی آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات بلوچستان کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقوں کیلئے آئندہ 12گھنٹے اہم ہیں۔طوفان کی شدت میں کمی کا امکان لیکن اگر طوفان کی شدت کم نہ ہوئی تو بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑہ، پسنی، گوادر متاثر ہوسکتے ہیں۔ بلوچستان کے ساحلی علاقوں کی نسبت طوفان کی زیادہ شدت سندھ کے علاقے بدین، ٹھٹھہ اور کراچی میں ہوگی۔