قاہرہ: مصر میں ہزاروں افراد نے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کی عمارت کا محاصرہ کرلیا جب کہ فوج نے انتقال اقتدار کے لئے صدر حسنی مبارک کے منصوبے کی حمایت کی ہے۔ آج درجنوں افراد نے صدارتی محل کے باہر مظاہرہ کیا۔ متعدد فوجی افسران بھی مظاہرین میں شامل ہوگئے۔ مصر میں صدر حسنی مبارک کے خلاف عوام کے احتجاج کا آج اٹھارہواں دن ہے۔ گزشتہ روز اپوزیشن نے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کی عمارت کی جانب مارچ کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت سینکڑوں افراد نے عمارت کا محاصرہ کرلیا ہے اور ان اداروں کے ملازمین کو گھر واپس بھیجا جارہا ہے۔ جب کہ فوج نے بھی اس عمارت پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کی ہے۔ آج صبح درجنوں افراد نے صدر حسنی مبارک کے محل کے باہر احتجاج کیا۔ فوج کی سپریم کونسل کے اجلاس کی صدارت وزیر دفاع فیلڈ مارشل حسین طنطاوی نے کی۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں صدر حسنی مبارک کے انتقال اقتدار کے منصوبے کی حمایت کی گئی اور کہا گیا ہے کہ حالات بہتر ہوتے ہی ایمرجنسی اٹھالی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق فوج منصوبے پر عمل اور سال کے آخر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی ضمانت دے رہی ہے۔ صدر حسنی مبارک نے گذشتہ روز قوم سے خطاب میں بیشتر اختیارات نائب صدر کو تفویض کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اپوزیشن نے اسے مسترد کرتے ہوئے صدر کے فوری استعفٰی پر اصرار کیا ہے۔