مصر:حکومت مخالف مظاہرے، انسداددہشتگردی فورس تعینات
قاہرہ: مصرمیں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔ حکومت کی کوشش کے باوجود صدر حسنی مبارک، بیروزگاری اور کرپشن کیخلاف شہریوں کے احتجاج میں کمی نہیں آرہی۔ حکومت نے انٹر نیٹ سروس بند کر دی ہے جبکہ مظاہرے روکنے کیلئے شہروں میں انسداد دہشت گردی فورس تعینات کر دی گئی۔ نوبل انعام یافتہ جمہوریت پسند رہنما محمد البرادی مظاہروں کی قیادت کیلئے ملک واپس آگئے ہیں۔ اخوان المسلون نے بھی مظاہروں کی حمایت کر دی۔ اخوان المسلون کے بیس ارکان گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ احتجاج کا سلسلہ دارالحکومت سے دیگر شہروں میں پھیل گیا ہے۔ سنائی کے علاقے میں پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ سوئز، اسمالیہ میں پولیس نے مظاہرین کو مشتعل کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ دوسری جانب حکومتی جماعت نے کہا ہے کہ مظاہرین سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے سیکریٹری جنرل سفوت الشریف نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ مظاہرین سے پر امن اور قانونی طریقے سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے مصر کی حکومت سے احتجاج کے حق کے احترام اور مظاہرین کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ وائٹ ہاوٴس نے کہا ہے کہ حسنی مبارک کے لئے موقع ہے کہ عوام کی آواز سنیں اور سیاسی اصلاحات کریں۔