قومی کرکٹ ٹیم مسلسل شکستوں کا داغ دھونے میں اوول کے میدان میں کامیاب کیا ہوئی کہ آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا کے مصداق لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں ایک بار پھر میچ فکسنگ کے الزامات میں پھنس گئی ہے۔ایک برطانوی اخبار کے مطابق پولیس نے لندن کے ایک ہوٹل سے مظہر مجید نامی ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر اپنے سامنے نوٹوں کے ڈھیر لگائے بیٹھا تھا اور اس کا دعویٰ یہ تھا کہ لارڈز کا میچ پاکستان کرکٹ ٹیم نے فکس کیا ہوا ہے۔ مذکورہ شخص نے اپنے اس دعویٰ کی صداقت کے لیے کچھ وڈیوز کے ذریعہ یہ بات بھی ثابت کرنے کی کوشش کی کہ محمد عامر اور محمد آصف کی کون کون سی بال طے شدہ پلان کے مطابق نو بال تھی۔میچ فکسنگ میں جن دیگر کھلاڑیوں کے نام سامنے آئے ہیں ان میں کپتان سلمان بٹ اور نائب کپتان کامران اکمل بھی شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر برطانوی پولیس نے ان چاروں کھلاڑیوں کے پاسپورٹ ضبط کر لیے ہیں اور ان سے پوچھ گچھ بھی کی ہے۔ جبکہ پاکستانی حکومت نے بھی ان الزامات کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ کھلاڑیوں پر ہوٹل کے باہر گندے ٹماٹر بھی پھینکے گئے ہیں۔ تمام حالات و واقعات کو سامنے رکھتے ہوئے دیکھا جائے تو یقینی طور پر میچ فکسنگ کے نئے الزامات نے پاکستان کرکٹ کے پہلے سے کمزور ڈھانچے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ان الزامات کی صداقت کے حوالے سے چند بنیادی نوعیت کے سوالات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔ میچ فکسنگ کے طریقہ ء کار اور قواعدوضوابط سے آگاہی رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ جس انداز میں پولیس نے مذکورہ بکی کو گرفتار کیا ہے۔ بکیوں کا طریقہ ء کار کبھی بھی اس طرح نہیں رہا کہ وہ ٹیبل پر نوٹ بچھا کر بیٹھ جائیں ۔ پھر یہ بھی اصول رہا ہے کہ میچ فکسنگ کبھی بھی نوبال پر نہیں ہوئی۔ان مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کے خلاف بھارتی لابی کی ایک نئی سازش ہو سکتی ہے۔ محمد عامراور محمد آصف اس وقت انتہائی فارم میں ہیں۔اور ان کا کیرئیر تباہ کرنے کی سازش کو کلی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔خاص کر محمد عامر نے جس انداز میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا ہے۔ وہ ان کے انتہائی روشن مستقبل کی طرف اشارہ کرتا ہے۔اگر ابھی سے وہ میچ فکسنگ جیسے بے ہودہ الزامات کی زد میں آگئے تو یقینی طور پر ان کا کیرئیر داؤ پر لگ سکتا ہے۔