مصباح الحق ۔۔۔ٹیم میں جگہ نہیں بنتی ، کپتان بنا دیا گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کا ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو مقرر کر دیا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مصباح الحق خاصے عرصے سے اپنی خراب پرفارمنس کے باعث ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام چلے آرہے تھے۔ اب حیرت انگیز طور پر نہ صرف انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے بلکہ کپتان بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔ ماضی میں کرکٹ بورڈ اس طرح کے فیصلے کرتا رہا ہے کہ ایسے کھلاڑی جن کی ٹیم میں جگہ بھی نہیں بنتی تھی انہیں کپتانی کے فرائض سونپ دیے جاتے تھے۔ جس کی وجہ سے ان کھلاڑیوں کی نہ صرف اپنی کارکردگی مزید خراب ہو جاتی تھی بلکہ ان کی ناقص کارکردگی کا اثر پوری ٹیم پر بھی پڑتا تھا اور نتیجے کے طور پرقومی ٹیم کی شکستوں کا سلسلہ دراز ہوتا رہا۔ پاکستانی ٹیم دنیا کی واحد ٹیم ہے جس کے پچھلے دو برسوں کے دوران آدھ درجن کپتان تبدیل ہو چکے ہیں ۔ یونس خان، محمد یوسف، شعیب ملک ، سلمان بٹ اور شاہد آفریدی سامنے کی مثالیں ہیں۔ ان میں سے سوائے یونس خان کے کسی کپتان نے بھی بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن نہیں کیا۔ بلکہ مختلف قسم کے تنازعات میں الجھا دیا۔ اب جبکہ مسلسل ناکامیوں اور بدنامیوں کے بعد ٹیم کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کے لیے ایک ایسے کھلاڑی کو کپتان مقرر کرنے کی ضرورت تھی جس کی اپنی کارکردگی پوری ٹیم کے لیے ایک مثال ہو۔ ایسے وقت میں مسلسل باہر رہنے والے کھلاڑی مصباح الحق کو کپتان مقرر کر کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ارباب ِ بست و کشاد کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ یہ ایک سوالیہ نشان ہے ۔ آپ کے خیال میں مصباح الحق کو کپتان بنانے کی کیا وجوہات ہو سکتی ہیں ؟ اس کے ساتھ قومی ٹیم میں ایسے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو کئی عرصے سے ٹیم کا حصہ نہیں تھے ۔ اس صورتحال میں مصباح الحق ایک بالکل نئی ٹیم کے ذریعے کیا نتائج دے سکتے ہیں ؟ کیا کرکٹ بورڈ کے یہ اقدامات بھی سپاٹ فکسنگ کے زمرے میں تو نہیں آتے ؟ آخر کب تک کرکٹ سے دیوانگی کی حد تک لگاؤ رکھنے والی اس قوم کے ساتھ جوا ء کھیلا جاتا رہے گا ؟

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz