بھارتی عدالت نے تاریخی بابری مسجد کو شہید کرنے کے حوالے سے دائر مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مسلمانوں کے موقف کو مسترد اور بابری مسجد کی اراضی کو رام جنم بھومی قرار دے دیا ہے، ا لہٰ آباد ہائی کورٹ نے متنازع اراضی کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کاحکم دیاہے جن میں رام جنم بھومی کاحصہ ہندووٴں، مسجدکی زمین مسلمانوں اور تیسرا حصہ ہندووٴں کے ادارے نرموئی اکھاڑے کو دیا جائے۔فیصلے پر تین ماہ کے اندر عملدر آمد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔الہ آباد عدالت کا فیصلہ بظاہر کسی پنچایت کا فیصلہ معلوم ہوتا ہے کیونکہ اس فیصلے میں تنازع کا کوئی مستقل حل نظر نہیں آتا بلکہ مسلمانوں کے ساتھ زیادتی کا تاثر ملتا ہے۔ سنی وقف بورڈ نے فیصلے کومسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔بھارتی وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے لوگوں سے پرُامن رہنے کی اپیل کی ہے۔