انکم ٹیکس کی ادائیگی سے فرار کیوں؟

پاکستان میں ایک روایت یہ رہی ہے کہ امراء حب الوطنی کا رونا تو روتے ہیں لکین انکم ٹیکس کی ادائیگی سے کتراتے ہیں جبکہ بے چارے غریب عوام خون پسینے کی کمائی سے کچھ نہ کچھ انکم ٹیکس ضرورادا کرتے ہیں لیکن انہیں اس مد میں مراعات بھی حاصل نہیں ہوتیں۔امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امراء کو ٹیکس سے بچانے والے ممالک امداد کی توقع نہ رکھیں، بعض ممالک اپنی ایلیٹ کلاس کو تو ٹیکس سے بچاتے ہیں مگرامریکا سے امداد کی توقع رکھتے ہیں۔ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی نجی آمدن کا تو کیا ہی ذکر وہ تو تنخواہ پر بھی مکمل ٹیکس ادا نہیں کرتے۔ گزشتہ روز وزیراعظم نے وضاحت کی کہ وہ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے باقاعدگی سے ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔ تاہم ان کے اس دعوے کی تردید آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ نے کی جس میں کہا گیا ہے کہ اقتدار کے پہلے سال میں انہوں نے اپنی تنخواہ پر مکمل ٹیکس ادا نہیں کیا۔ آڈٹ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ نہ صرف وزیراعظم بلکہ ان کے اسٹاف آفیسرز بھی ٹیکس ادا نہیں کرتے۔وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان شبیر انور نے کہا کہ کٹوتی میں فرق اور حتمی اسیسمنٹ کے بعد وزیراعظم نے تنخواہ میں سے ٹیکس ادا کیا۔ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کے تناظر میں کیا یہ ضروری نہیں ہر وہ شخص جو ٹیکس نیٹ میں آتا ہے ایمانداری سے ٹیکس ادا کرے۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz