کشمیریوں کا بھارت سے آزادی کا مطالبہ

بھارتی اخبار کے سروے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے 66 فیصد کشمیریوں نے بھارت سے آزادی کا مطالبہ کردیا ہے ، 6 فیصد کشمیری پورے جموں و کشمیر کا پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں ، 56 فیصد کشمیری حالیہ فسادات کا ذمہ دار بھارتی حکومت کو سمجھتے ہیں جبکہ 44فیصد بھارتیوں کا کہنا ہے کہ وادی کے خراب حالا ت کیلئے ہمسایہ ملک پاکستان ذمہ دار ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار ” ہندوستان ٹائمز “ کی ایک سروے رپورٹ کے مطابق بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی تقریباً دو تہائی آبادی اپنے خطے کی آزادی چاہتی ہے ۔ دو حصوں میں تقسیم کشمیر کے خطے کا انتظام پاکستان اور بھارت الگ الگ سنبھالتے ہیں ، بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں تقریباً 20 سال سے حق خود ارادیت اور علیحدگی کی تحریک جاری ہے جس کے باعث اب تک 47 ہزار افراد کی زندگیاں لقمہ اجل بن چکی ہیں ۔ ہندوستان ٹائمز کے سروے سے ظاہر ہوتا ہے 66 فیصد کشمیری ایک نئے ملک کی حیثیت سے پورے جموں و کشمیر کی مکمل آزادی چاہتے ہیں جبکہ صرف 6 فیصد پورے جموں و کشمیر کا الحاق پاکستان کے ساتھ چاہتے ہیں ۔ سروے میں لوگوں سے یہ بھی پوچھا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے حالیہ پرُتشدد واقعات کا ذمہ دار کسے سمجھتے ہیں تو 56 فیصد کشمیریوں کا کہنا تھا کہ اس کی ذمہ دار بھارتی حکومت ہے جبکہ 44 فیصد بھارتیوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے حالات کا ذمہ دار ہمسایہ ملک اور روایتی حریف پاکستان ہے۔ سروے کے مطابق 96 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ فورسز کو کشمیری مظاہرین پر گولی نہیں چلانی چاہئے۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz