گرلز ہاسٹل میںآ تشزدگی کا افسوسناک واقعہ

راولپنڈی کینٹ کے حساس علاقے میں واقع ایک پرائیویٹ گرلز ہاسٹل میں آتشزدگی کے نتیجے میں 6 لڑکیاں جاں بحق اور متعددد زخمی ہو گئیں جبکہ کئی طالبات بے ہوش ہو گئیں۔ اسٹیٹ بینک راولپنڈی کے عقب میں واقع نیشنل فاؤنڈیشن گرلز ہاسٹل کی تیسری منزل پر پیر کی سہ پہر سوا چار بجے کے قریب اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے چار منزلہ عمارت کی تیسری اور چوتھی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پولیس اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا، عملے نے آگ پر قابو پانے کیلئے فوری آپریشن شروع کیا۔ اس دوران ریسکیو کے عملے نے ہاسٹل کی کھڑکیاں توڑ کر عمارت میں پھنسی ہوئی بعض لڑکیوں کو باہر نکالا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونیوالی 6 لڑکیوں میں سے 4 دھوئیں کی وجہ سے دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوئیں جب کہ دو لڑکیاں آگ سے جھلسنے کے باعث دم توڑ گئیں۔ عمارت میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، اس عمارت میں تقریباً 250 خواتین رہائش پزیر ہیں۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ عمارت پہلے فوجی فاؤنڈیشن کا گرلز ہاسٹل تھی اور کچھ عرصہ قبل یہ ہاسٹل یہاں سے منتقل ہونے کے بعد ایک خاتون نے یہ جگہ کرائے پر حاصل کر لی اور اس عمارت کی پہلی دو منزلوں میں ایک نجی گرلز کالج قائم کیا جبکہ 2 بالائی منزلوں میں گرلز ہاسٹل بنایا گیا جہاں مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں کی طالبات قیام پذیر تھیں۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz