لاہورمیں کینٹ کے علاقے آر اے بازار میں یکے بعد دیگرے دو خود کش دھماکوں میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں سمیت40 کے قریب افراد شہید ہوگئے جبکہ 60سے زائدزخمی ہوگئے، دونوں خودکش حملہ آوروں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ ایس ایس پی آپریشنز لاہور چوہدری شفیق نے جائے وقوع کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں دھماکے خود کش اور 15سیکنڈ کے وقفے سے ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں حملہ آور پیدل تھے اور انہوں نے علاقے میں گشت کرنے والی سکیورٹی کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا ، انہوں نے کہا کہ دونوں خودکش حملہ آوروں کے سر مل گئے ہیں۔ ان سے قبل ریسکیو 1122کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان کے مطابق 12بج کر 48منٹ یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے، جن میں 38افراد شہید ہوگئے، جبکہ68افرادزخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر میتوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ شہریوں سے خون کے عطیات کی اپیلیں کی گئی ہیں۔ دھماکا اس وقت ہواجب لوگ نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے جارہے تھے،دھماکوں کی آواز دور دور تک سنی گئی، جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پاک فوج ، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ دھماکوں کے بعد علاقے کا محاصرہ کرلیا،کنٹونمنٹ کو جانے والے تمام راستے سیل کرکے ٹریفک کو بند کردیا گیا۔
دہشت گردی کے واقعات سیکیورٹی ایجنسیوں کی ناکامی کا ثبوت نہیں؟
آپ کے خیال میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے کونسے بنیادی اقدامات کی ضرورت ہے؟