ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کا آغاز شرم ناک اور مایوس کن رہا، روایتی حریف بھارت کے سامنے اس کے کھلاڑی غیرمعمولی دباؤ میں نظر آئے اور 4-1 کے ٹینس اسکور سے یکطرفہ انداز میں چاروں خانے چت ہوکر 3 قیمتی پوائنٹس سے محروم ہوگئے۔ دیگر میچوں میں اسپین نے جنوبی افریقا کو اور انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ہرادیا۔ گرین شرٹس نے کسی بھی مرحلے پر قومی ٹیم جیسی کارکردگی نہیں دکھائی، کھیل کے ہر شعبے میں اس کے کھلاڑی آف کلر نظر آرہے تھے۔ فارورڈز کے درمیان ہم آہنگی کی کمی کے ساتھ ساتھ گیند پر ان کا کنٹرول بھی نہ ہونے کے برابر تھا۔ بھارت کے کھلاڑی ان کے پھینکے گئے پاسز بھی قابو کرلیتے تھے، دھیان چند اسٹیڈیم میں 19ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں پاکستان کے کھلاڑی بھارت کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے ہوئے تھے، ہاف لائن اور دفاعی کھلاڑی ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ گول کیپر کی حاضر دماغی بھی کام نہ آسکی۔ متواتر حملوں کے سامنے پاکستانی گول کیپر بھارتی فارورڈ کے رحم و کرم پر دکھائی دیا۔ پاکستان کے کھلاڑی صرف ایک مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھانے میں کامیاب ہوئے۔ بھارت نے پہلے ہاف میں دو گول کرکے پاکستانی ٹیم کو دباؤ میں لاکھڑا کیا۔ 27ویں منٹ میں سہویندر سنگھ اور 35ویں منٹ میں سندیپ سنگھ نے پاکستانی گول کیپرز کو ڈاج دے کر خوبصورت گول اسکور کئے۔ سندیپ سنگھ نے دوسرے ہاف میں کھیل کے 56ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول بنایا اور پربھو جوت سنگھ نے 37ویں منٹ میں بھارت کی طرف سے گول بنایا پاکستان کا واحد گول دوسرے ہاف میں کھیل کے 59ویں منٹ میں سہیل عباس نے کیا۔
آپ کے خیال میں قومی ٹیم کی شکست کیا وجوہات ہیں؟
قومی ٹیم سے آئندہ میچز میں اچھی کارکردگی کی امید رکھی جاسکتی ہے؟