صدرکا اپنے اعضاء عطیہ کرنے کا اعلان

صدر آصف علی زرداری نے ملک میں انسانی اعضاء کی پیوند کاری کو باقاعدہ بنانے کے اہم بل پر دستخط کرتے ہوئے اپنے تمام جسمانی اعضاء عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ صدر نے بدھ کی سہ پہر ایوان صدر میں انسانی اعضاء اور ٹشوز کی پیوندکاری کے بل 2010ء پر دستخط کئے جس کے بعد یہ باقاعدہ قانون کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ صدر آصف زرداری نے بل پر دستخط کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی اعضاء کی غیر قانونی خرید و فروخت کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام لیا جاتا تھا اور اب اس قانون سے انسانی اعضاء کی غیر قانونی خرید و فروخت اور انسانی استحصال کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے پارلیمنٹ اور ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ عوام میں اس بارے میں شعور اجاگر کریں۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی قانون پر عوام کی مدد کے بغیر موثر عملدرآمد نہیں ہو سکتا لہذا عوام اس غیر قانونی تجارت کی روک تھام میں مدد کریں، ایک مخصوص ذہنیت کا حامل چھوٹا طبقہ ملک کیلئے بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ صدر نے قانون سازی کے عمل میں سیاسی اتفاق رائے کو سراہا۔ تقریب میں وفاقی وزراء مخدوم امین فہیم‘ نذر محمد گوندل‘ راجہ پرویز اشرف‘ مخدوم شہاب الدین‘ وزیر مملکت برائے داخلہ تسنیم احمد قریشی‘ ارکان پارلیمنٹ، اعلیٰ حکام، ڈاکٹروں اور ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مخدوم شہاب الدین نے کہا کہ ملک میں 42 سے زائد اداروں کو پیوند کاری کا اختیار دیا گیا ہے جن میں 22 سرکاری اور 20 نجی طبی ادارے شامل ہیں۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz