پابندی کے باعث کرکٹ سے دوری کا شکار تین سابق کپتان یونس خان، محمد یوسف، شعیب ملک اور آل راؤنڈر رانا نوید الحسن اب معاوضے کی محرومی سے بھی دوچار ہوگئے ہیں۔ اس طرح سرکاری سطح پر ان کا حقہ پانی بھی بند کردیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعے کو ایک سال کے لیے جن37 سینئر اور جونیئرکرکٹرزکے ساتھ معاہدہ کیا ہے ان میں تین سابق کپتان اور آل راؤنڈرکو نہیں رکھا گیا ہے، ان چار کھلاڑیوں پر پچھلے ہفتے پی سی بی کی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پر بورڈ نے دورہٴ آسٹریلیا میں نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور دیگر الزامات کے باعث کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگا دی تھی، تاہم جرمانے اور چھ ماہ تک پی سی بی کی مانیٹرنگ میں رہنے والے آل راؤنڈر شاہد آفریدی،کامران اکمل اور عمر اکمل کے ساتھ بورڈ نے نیا معاہدہ کرلیا ہے۔ یونس خان اور محمد یوسف پر پی سی بی نے غیرمعینہ مدت کے لیے پابندی لگا رکھی ہے جب کہ پی سی بی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارش پر سابق کپتان شعیب ملک اور آل راؤنڈر رانا نوید الحسن پر ایک سال کے لیے کرکٹ کے دروازے بند ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اے، بی، سی کیٹگری اور نئے وظیفہ دارکھلاڑیوں کی جو فہرست جاری کی ہے ان میں مجموعی طور پر37 سینئر اور جونیئرکرکٹرزکو رکھا گیا ہے۔ پی سی بی نے جونیئرکھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی کی بناء پر وظیفہ دینے کا فیصلہ کیا ان میں انڈر19 ورلڈکپ میں نمایاں پرفارمنس دکھانے والے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ کو پی سی بی کے چیف سلیکٹر محسن خان کی مشاورت سے حتمی شکل دی ہے۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر وسیم باری نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کھلاڑیوں سے معاہدہ پر رواں سال یکم جنوری سے عملدرآمدکیا جائے گا۔ فاسٹ بولر محمد آصف جن کو پچھلے سال آئی پی ایل میں ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد لگنے والی ایک برس کی پابندی کے باعث سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا گیا تھا، اس سال اے کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ پچھلی آئی سی ایل کے کھلاڑی عبدالرزاق اور عمران فرحت کے ساتھ اے اور بی کیٹگری میں معاہدہ کیا گیا ہے۔ اے کیٹگری میں جن کھلاڑیوں کو ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ رقم دی جائے گی ان میں شاہد آفریدی، کامران اکمل، عمرگل، سلمان بٹ، عبدالرزاق، محمد آصف اور دانش کنیریا شامل ہیں۔ ایک لاکھ75 ہزار روپے کی بی کیٹگری میں عمر اکمل، محمد عامر، سعید اجمل، فیصل اقبال، مصباح الحق، عمران فرحت کو رکھا گیا ہے۔ سی کیٹگری کے جن کھلاڑیوں کو ماہانہ ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے ان میں فواد عالم، یاسر عرفات، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور عبدالرحمن شامل ہیں جب کہ19 کھلاڑیوں کے ساتھ ماہانہ50 ہزار روپے کا معاہدہ کیا گیا ہے ان میں ورلڈکپ انڈر19 میں حصہ لینے والی پاکستان ٹیم کے کپتان عظیم گھمن، حماد اعظم، بابر اعظم، رضا حسن، سرمد بھٹی اور عثمان قادر شامل ہیں۔ ان کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے اسد شفیق، جنید خان، عامر سجاد، نوید یاسین، اظہر علی، خالد لطیف، خرم منظور، تنویر احمد، سرفراز احمد، ذوالقرنین حیدر، عمیر خان، محمد طلحہ اور شاہ زیب حسن شامل ہیں۔
بعض سینئر کھلاڑیوں کو سینٹرل کانٹریکٹ نہ ملنے پر آپ کیا کہیں گے؟