پاکستان کرکٹ ٹیم کے عالمی شہرت یافتہ بیٹسمین محمد یوسف نے انٹرنیشنل کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری پاکستان کرکٹ بورڈ پر عائد کی ہے۔ پیر کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے اپنے شوکاز نوٹس میں تحریر کیا ہے کہ میرا قومی ٹیم میں رہنا نقصان کا باعث ہے، اس لئے میں کرکٹ چھوڑ رہا ہوں ،البتہ ڈومیسٹک اور کاؤنٹی کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔ انہوں نے کہاکہ فی الحال میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 12سالہ کیرئیر میں اللہ تعالی نے بے شما ر کامیابیوں سے نوازا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے خط میں لکھا ہے کہ میری وجہ سے پاکستان کرکٹ کا نقصان ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا وہ نہیں چاہتے کہ ان کی ذات کی وجہ سے ملک کا نقصان ہو، اس لئے وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں محمد یوسف کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ بورڈ سے اپیل کا فیصلہ سینئر کھلاڑیوں اور اپنے بڑوں سے پوچھ کر کریں گے۔ محمد یوسف نے88 ٹیسٹ میں53.07 کی اوسط سے 7431 رنز بنائے جس میں24 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور223 ہے جبکہ 282 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں42.39 کی ایوریج سے9624 اسکور بنا رکھا ہے، جس میں15سنچریاں اور 64 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ وہ پاکستان کی جانب سے ایک ٹی20 میچ بھی کھیل چکے ہیں۔
محمد یوسف کے اس اعلان سے پاکستان کرکٹ پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟