سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کرنے والے اقوام متحدہ کے کمیشن نے اپنی رپورٹ پیش کردی ہے ، رپورٹ میں مشرف حکومت کو بینظیر بھٹو کے قتل کا ذمہ دار ٹھراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف، حکومت پنجاب اور راولپنڈی پولیس مناسب سیکورٹی فراہم کرتی تو بینظیر بھٹو کے قتل روکا جاسکتا تھا۔ کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ مشرف حکومت نے بینظیر بھٹو کی سیکورٹی کیلئے مناسب اقدامات کیے اور نہ ہی مناسب سیکورٹی فراہم کی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کمیشن کو تحقیقات کیلئے اعلی سطح کے لوگوں تک پہنچنے کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا بھی پڑا، میجر امتیاز بینظیر بھٹو کی سیکورٹی کے ذمہ دار تھے، پیپلزپارٹی نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا اور ناقص سیکورٹی فراہم کی گئی۔ آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی نے رپورٹ کی تیاری میں رکاوٹیں ڈالیں اور راولپنڈی پولیس نے واقعے کی تحقیقات کیلئے موثر اقدام نہیں کیا، جائے وقوع کو دھو کر شکوک پیدا کیے گئے اور قتل کے بعد وزارت داخلہ کی پریس کانفرنس متنازع تھی۔یو این تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ ہیرالڈو مونیز کی نیوز بریفنگ کے مطابق تحقیقات کے دوران مختلف دستاویزات کا جائزہ لیا گیا، تحقیقات میں ناکامی اور تاخیر کیلئے حکومتی عذر ناقابل قبول ہے، تحقیقات کے دوران 250افراد کے انٹرویو کئے گئے، رپورٹ میں مکمل تحقیقات کو شامل کیا ہے۔ انہوں نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ بینظیر اور مشرف کے درمیان کوئی ڈیل نہیں ہوئی تھی، بینظیر قتل کے بعد وزارت داخلہ کی پریس کانفرنس متنازع تھی،بینظیر قتل کیس کے شواہد جمع کیے جاسکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر کی ہلاکت بم دھماکے سے ہوئی، جائے وقوع کو دھو کر اور شواہد مٹا کر شکوک پیدا کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری تھی کہ بینظیر بھٹو کو خطرات سے آگاہ کرتی اور مناسب سیکورٹی فراہم کرتی، بینظیر بھٹو امریکا اور برطانیہ کے ذریعے مشرف سے مذاکرات کررہی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کمیشن کا کام حقائق پر روشنی ڈالنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے اپنے ایک خط میں جن تین افراد کا ذکر کیا تھا ان تک پہنچنے میں کمیشن کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا، مجرموں کا پتہ لگانا کمیشن کا کام نہیں تھا، حقائق جمع کرنا تھا۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ سے قتل کے ذمہ داروں کے تعین میں مدد مل سکے گی؟
بے نظیر کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد ملک کا سیاسی منظر نامہ کیا ہوگا؟
کیا واقعی صدر مشرف کی حکومت اس واقعہ کی ذمہ دار ہے؟
سیکیورٹی ناکامی اس کا سبب ہوسکتی ہے یا کچھ اور سیاسی رکاوٹیں ؟
جائے وقوعہ کو دھونا اتفاقیہ تھا یامنصوبہ بندی کے تحت شواہد مٹانا؟
بے نظیر کے قتل کی جائے واردات کو کس کے کہنے پر صاف کیا گیا؟