پاکستان 20 سال بعد ہاکی کا ایشین چمپئن

ایشین گیمز میں ہاکی کا فائنل مقابلہ جیت کر پاکستان 20 سال بعد ہاکی کا ایشیائی چمپئن بن گیا، سہیل عباس اور ریحان بٹ کے گول کے ذریعے گرین شرٹس نے فائنل میں یک طرفہ طور پر ملائیشیا کو2-0 سے شکست دی اور ساتھ ہی 2012ء لندن اولمپکس کیلئے بھی کوالیفائی کرلیا، سیمی فائنل میں فتح کے ہیرو گول کیپر سلمان اکبر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور حریف کے کسی بھی حملے کو کامیاب نہیں ہونے دیا، میچ کے اختتام کی وسل بجتے ہی قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی گراوٴنڈ میں سجدہ ریز ہوگئے جبکہ اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اُٹھا۔قومی ٹیم کی فتح نے ثابت کردیا کہ اگر متحد ہوکر جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اترا جائے تو کامیابی ضرور قدم چومتی ہے۔کھلاڑیوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ وہ پاکستان کی جیت پر خوش ہیں اور طلائی تمغہ حاصل کرنا باعث فخر ہے ۔ قومی ہاکی ٹیم کی کامیابی کے بعد پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور جشن منایا گیا ، شہروں میں ہوائی فائرنگ کی گئی لوگ خوشی سے بھنگڑا ڈالتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔بق ہاکی اولمپیئنز نے اسے پاکستان ہاکی کیلئے خوشگوار تبدیلی اور ملک میں ہاکی کے تابناک مستقبل کی نوید قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے سخت محنت سے فتح حاصل کی۔ ایشین گیمز میں کامیابی پاکستان ہاکی کی عظمت رفتہ کی بحالی کی جانب پہلا قدم کہا جاسکتا ہے۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz