یوم عاشور، ملک بھر میں شبیہ ذوالجناح، علم اور تعزیے کے جلوس

یوم عاشور، ملک بھر میں شبیہ ذوالجناح، علم اور تعزیے کے جلوس
ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوس مقررہ راستوں پر اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔ عزاداروں کی زنجیر زنی اور ماتم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جلوس کے روٹس اور قریبی علاقوں میں سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری میں ملک بھر کے مرکزی جلوسوں کے راستوں میں تعینات کی گئی ہے۔ ماتمی جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔ کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشترپارک میں مجلس عزا کے بعدعزا خانہ زہرہ سے برآمد ہوا۔ جلوس حسینیہ ایرانیاں پر نماز مغربین کے بعد اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس میں ذوالجناح، تابوت اور علم شامل ہیں۔ عزاداران حسین نوحہ خوانی، سینہ زنی، زنجیر زنی اور ماتم کر رہے ہیں۔ جلوس کے ہمراہ پانی، شربت، دودھ کی سبیلیں بھی ہیں۔ لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوکر اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ جلوس مغربین کے وقت کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوگا جہاں شام غریباں برپا ہوگی۔ جلوس کے راستے میں ملحقہ گلیوں اور راستوں کو خار دار تاروں اور بیرئیرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ پشاور میں یوم عاشور پر مختلف امام بارگاہوں سے 9 چھوٹے بڑے جلوس بر آمد ہوئے۔ مرکزی جلوس دوپہر ڈھائی بجے کوچی بازار کی امام بارگاہ سید عالم شاہ سے برآمد ہوگا۔ شہر کے اندرونی علاقوں کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوا جلوس میں علم، تعزیے اور ذوالجناح شامل ہیں۔ جھنگ، حیدرآباد، ڈیرہ اسماعیل خان، سانگھڑ اور تعلقہ جام نواز علی میں بھی ماتمی جلوس برآمد ہوئے ہیں جبکہ اورکزئی ایجنسی کے علاقے منی خیل، ابراہیم زئی، سروبی گڑھی، برآمد خیل اور ترنگی سے مختلف ماتمی جلوس کلایہ کی مرکزی امام بارگاہ کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz