کہتی ہے تجھ کو خلق ِ خدا غائبانہ کیا

انٹرنیٹ پر خفیہ معلومات شائع کرنے والی ویب سائٹ وکی لیکس نے امریکی سفارتی ملازمین کی جانب سے بھیجی جانے والی ڈھائی لاکھ دستاویزات جاری کردی ہیں ۔ان دستاویزات میں سعودی فرمانرواشاہ عبداللہ کے صدر زداری اور عراقی وزیراعظم نوری المالکی پر طنز کا ذکر کیا گیا ہے ۔ دستاویزمیں شاہ عبداللہ کی جانب سے آصف علی زرداری کو ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر سر ہی گلا سڑا ہو تو اس کا اثر سارے جسم پرپڑتا ہے۔شاہ عبداللہ کے حوالے سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ انہوں نے امریکا کو ایران پر فضائی حملے کا مشورہ دیا تھا۔ جبکہ دستاویزات کے مطابق 2009ء میں امریکا نے پاکستانی ایٹمی ری ایکٹر سے یورینیم چرانے کی کوشش کی تاہم پاکستان نے ایٹمی معائنے سے انکار کر دیا۔علاوہ ازیں یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ امریکا دوست ممالک کی بھی جاسوسی کرتا رہا ہے۔حکومت پاکستان نے وکی لیکس دستاویزات کے اجراء کو غیرذمہ دارانہ فعل قرار دیا ہے۔جبکہ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے اس سلسلے میں پیشگی طور پر پاکستان کو اعتماد میں لیا تھا۔تاہم ابھی تک پاکستان پیپلزپارٹی کا ردعمل سامنے نہیں آیا جس کے شریک چیئرمین کے بارے میں شاہ عبداللہ کے طنزیہ کلمات سامنے آئے ہیں ۔ ہو سکتا ہے وفاقی وزیرداخلہ رحمٰن ملک ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی طرح وکی لیکس کو بھی جاسوسی کا ادارہ قرار دیتے ہوئے پاکستان میں اس پر پابندی لگا دیں ۔ لیکن کہتی ہے تجھ کو خلق ِ خدا غائبانہ کیا۔آپ بھی اس سلسلے میں اپنی رائے کا اظہار کر سکتے ہیں۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz