مصرسے غیر ملکیوں کا انخلاء جاری

قاہرہ: مصر سے غیر ملکیوں کا انخلاء شروع ہوگیا۔ باون ہزار امریکیوں کی منتقلی آج شروع ہورہی ہے۔مصر میں حکومت مخالف تحریک میں شدت کے ساتھ ساتھ وہاں مقیم غیر ملکیوں کے جان و مال کے تحفظ پر بھی تشویش بڑھ رہی ہے۔ مختلف ممالک نے اپنے شہریوں کی بحفاظت واپسی شروع کردی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مصر میں مقیم باون ہزار امریکیوں کی واپسی کا عمل آج شروع ہوگا۔اس سے پہلے امریکا کی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ جینیس جیکبس نے بتایا تھا کہ مصر میں موجود امریکیوں کو نکالنے کے لئے چارٹرڈ طیاروں کا بندوبست کیا جارہا ہے۔ اردن کے سیکڑوں شہری دارلحکومت عمان پہنچ گئے ہیں۔ عمان پہنچنے والون کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی ایک تعداد چاقو اور چھریوں سے لیس ہوکر سڑکوں پر گشت کررہی ہے۔بھارت نے بھی ائر انڈیا کا خصوصی طیارہ قاہرہ بھیج دیا۔ توقع ہے کہ تین سو بھارتیوں کو لے کر خصوصی طیارہ آج ممبئی پہنچے گا۔ دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ نے بھی اپنے شہریوں کو مصر چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz