لاہور: امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج

لاہور: امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج
صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ امریکی شہری پولیس کی تحویل ہے اور اس کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ان کا کنہا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس نے بغیر اطلاع سکیورٹی اصول کی بھی خلاف ورزی کی۔ ان کا کہنا تھاکہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ امریکی شہری نجی گاڑی میں اسلحہ لئے کیوں گھوم رہا تھا، لگتا ہے کہ امریکی اہلکار کسی خفیہ مشن پرتھا۔ نوجوانوں کو قتل کرنے کے بعد اس نے ساتھیوں کو وائرلیس پر اطلاع دی۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بے قصور لوگوں کو دوسری گاڑی نے کچل ڈالا، اس کی تفصیل موجود ہے اور امریکی قونصل خانے نے اس کی تصدیق بھی کی ہے۔
اس سے قبل لاہور کےعلاقے مزنگ میں امریکی شہری کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک اوراس کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مسلح افراد نے امریکی کو روکنے کی کوشش کی۔ عینی شاہدین کے مطابق ریمنڈ ڈیوس پرائیوٹ گاڑی میں قرطبہ چوک سے گزر رہا تھا اچانک اس نے گاڑی کے اندر سے دو نوجوانوں پرفائرنگ کردی ۔ اس کی گاڑی کی ٹکر سے شاہ عالمی کا موٹر سائیکل سوار عبیدالرحمان شدید زخمی ہوگیا جوبعد میں موقع پرہی دم توڑ گیا۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے فیضان حیدر اور دوسرے نامعلوم شخص کو سروسزہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔ تھانہ پرانی انارکلی نے گاڑی قبضہ میں لے کر تفتیش شروع کردی جب کہ غیر ملکی ریمنڈ ڈیوس کوسرکاری گاڑی میں نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا۔ ایس ایس پی سیکورٹی رانا فیصل نے کہا کہ فیضان اور نامعلوم شخص پستول کے زور پر امریکی شہری کو روکنا چاہتے تھے۔ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صورتحال پر پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz