کرکٹ ورلڈکپ:قومی ٹیم کے کپتان،ٹیم مینجمنٹ کا اعلان4فروری کو ہوگا

نیپئر: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کے کپتان اور ٹیم مینجمنٹ کا اعلان چار فروری کو کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اعجاز بٹ نے شاہد آفریدی کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نیپئر میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ نے کہا کہ وہ دو فروری کو پاکستان جارہے ہیں، پاکستان میں کرکٹ بورڈ کے دیگر حکام سے مشاورت کے بعد چار فروری کو ورلڈ کپ کے لئے کپتان اور ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کردیں گے۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ کپتان کے اعلان کے حوالے کوئی کنفیوژن نہیں ہے اور وہ کپتان کے اعلان کے وقت تاخیر کی وجہ بھی بتادیں گے۔ ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی کاکہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ کے الزامات سے کلیئر ہونے والے کھلاڑیوں کے انتخاب پر غور کرنا سلیکشن کمیٹی کا کام ہے۔ انہوں نے کہاکہ سینٹرل کانٹریکٹ کے لئے کھلاڑیوں کی فہرست ان کے پاس نہیں پہنچی ہے، جب فہرست ان کے پاس آئے گی تو وہ اس پر نظر ڈالیں گے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ شعیب اختر، احمد شہزاد اور سہیل تنویر سمیت نئے کھلاڑیوں کو بھی سینٹرل کانٹریکٹ دیا جائے گا۔ چیئرمین پی بی سی کاکہنا تھا کہ پی سی بی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے کوشاں ہے۔ پاک بھارت سیریز کی بحالی کے لئے حکومتی سطح پر بات چیت جاری ہے اور میں مثبت پیش رفت بھی ہوئی ہے۔پاک بھارت سیریز رواں سال انگلینڈ میں ہونے کا امکان ہے۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz