حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کاچہلم آج عقیدت و احترام سے منایاجارہا ہے، مختلف شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، بنوں میں کرفیو جبکہ جھنگ میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
کراچی میں نشتر پارک سے چہلم کا مرکزی جلوس برآمد ہوگا، عزاداران سینہ کوبی اورزنجیر زنی کریں گے۔ جلوس ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ، ریگل، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگا۔
لاہور میں تعزیہ کا مرکزی جلوس الف حویلی اندرون شہر سے برآمد ہوا، جو قدیمی راستے سنہری مسجد، رنگ محل چوک، پانی والا تالاب سے ہوتا ہوا رات گئے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔ تعزیے کے جلوس میں عزاداروں کو صرف ایک راستے سے داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔
ملتان میں مختلف علاقوں سے چالیس ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، امام بارگاہ جوادیہ النگ دہلی گیٹ میں دو پہر دو بجے تک مجلس عزا ہو گی جس کےبعد مرکزی ماتمی جلوس برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں کپ بازار، حسین آگاہی، گھنٹہ گھر چوک سے ہوتا ہوا رات 9 بجے آستانہ لعل شاہ پر اختتام پزیر ہو گا۔
راولپنڈی میں چہلم کا مرکزی جلوس کرنل مقبول امام بارگاہ سے بر آمد ہو گیا ہے جو اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، عزا دار ماتم کر رہے ہیں۔ جلوس شام کے وقت اختتام پزیر ہوگا۔
پشاور میں مرکزی جلوس اندرون شہر کوہاٹی چرچ روڈ کی امام بارگاہ اخون آباد سے سخت سکیورٹی میں نکالاجائے گا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا شام کے وقت اسی جگہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
کوئٹہ میں مرکزی جلوس رحمت اللہ چوک سے برآمد ہوا جو علمدار روڈ، طوغی روڈ سے ہوتا ہوا بہشت زینب قبرستان پر اختتام پذیر ہوگا۔ پولیس، اے ٹی ایف اور ایف سی کے دو ہزار جوان جلوس کے روٹ اور شہر کے دیگر حصوں میں تعینات ہیں۔ جلوس کے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
لاڑکانہ میں کھچی امام بارگاہ، جعفری امام بارگاہ، جاڑل شاہ امام بارگاہ اور بہادرشاہ امام بارگاہ سے بڑے جلوس نکالے جائیں گے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فلیگ مارچ بھی کیا۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz