پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس
حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں دبائو تھا کہ قیمتیں واپس لی جائیں اس لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ واپس لیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اضافہ واپس لینے کی وجہ سے اس ماہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات پر پانچ ارب روپے کی سبسڈی دینی پڑے گی۔ اس سال کے آغاز پر ہی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کو بنیاد بنا کر حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹرقیمت چھ روپے اکہھتر پیسے بڑھا دی تھی۔ پیٹرولیم مصنوعات میں نو فیصد تک اضافے کے اس فیصلے پر حکومت کو اپوزیشن اور عوام کی طرف سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلی جنوری سے اوگرا نے پیٹرول کی قیمت اناسی روپے انہتر پیسے کردی ۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت سوا چار روپے بڑھا کربیاسی روپے اٹھاون پیسے کردی گئی۔ پاکستان میں تیل کی سالانہ کھپت دو کروڑ ٹن کے قریب ہے۔ ملک میں روز چار لاکھ بیرل تیل استعمال ہوتا ہے جبکہ مقامی ذرائع سے حاصل شدہ تیل ہماری ضروریات کا صرف تیرہ فیصد ہے باقی عالمی منڈی سے درآمد کیا جاتا ہے اسی لئے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت بڑھنے کا پاکستان کی معیشت پر منفی اثر ہوتا ہے۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz