پاترا جیل کی انتظامیہ نے مزید قیدی قبول کرنے سے انکار کردیا
ایتھنز (سید اشیر حیدر) یونان کے تیسرے بڑے شہرپاترا میں موجود آگیو استیفانوس نامی جیل کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب مزید قیدی قبول نہیں کریں گے ، تفصیلات کے مطابق آج ہونے والے جیل حکام کے ایک اجلاس یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ جیل میں 650 قیدیوں کی گنجائش ہونے کے باوجود اِس وقت قیدیوں کی تعداد820 تک پہنچ چکی ہے جس کے باعث قیدیوں کی مناسب دیکھ بھال میں دشواریوں کا سامنہ ہورہا ہے ، جیل انتظامیہ کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کئی قیدی جگہ کم ہونے کے سبب فرش پر سوتے ہیں ،جبکہ وزارت کی جانب سے فی قیدی فراہم کیا جانے والا فنڈ بھی یومیہ ساڑھے تین(3,50) یورو سے کم کرکے دو (2)یورو کردیا گیا ہے اورجیل کی نگرانی پر معمورسیکورٹی عملے میںکمی کے نتیجے میں قیدیوں کی حفاظت بھی سخت متاثر ہوئی ہے ، انہوں نے مزید بتایا کہ (اپیلاسی) ملک بدری کے منتظر غیر ملکی قیدیوں کی بھی ایک بڑی تعداد یہاں موجود ہے ، اُنہوں نے یونان کے سرحدی شہر (سیرس) کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں 700 قیدیوں کیلئے تعمیر کی جانے والی جیل صرف عملے کی کمی کے باعث زیر استعمال نہیں ہے جبکہ کچھ ایسا ہی حال جزیرہ کریتی کی (خانیہ ) جیل کا بھی ہے جسے استعمال میں لاکر اِن مشکلات کا حل باآسانی نکالا جاسکتا ہے مگر حکومت کوئی اقدام کرتی نظر نہیں آتی ، جیل انتظامیہ نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے جائزمطالبات پورے نہ کیئے گئے تو وہ ہڑتالوں کا سلسلہ شروع کریں گے ۔