حکومت نے اکثریت کھو دی تو سہارا نہیں دیں گے: نثار

حکومت نے اکثریت کھو دی تو سہارا نہیں دیں گے: نثار
مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار نے کہا ہے کہ اگر حکومت اپنی اکثریت کھو دیتی ہے تو مسلم لیگ ن کسی صورت حکومت کو سہارا نہیں دے گی ۔ حکومت کی کارکردگی ملک کے لئے بدقسمتی اور وبال بن چکی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ فی الفور اسمبلی میں حکومت پر عدم اطمینان کرنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے تاہم وہ نہیں سمجھتے کہ کوئی حکومت اکثریت کھو نے کے بعد اقتدار میں رہے گی، آئندہ کیا ہو گا اس حوالے سے آنے والا وقت خود ہی بتا دے گا، تاہم مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کسی سیاسی سرکس کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ تمام فیصلے صبر وتحمل سے کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی بدقسمتی سے سیاسی منڈیاں لگتی رہی ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ ایک بار پھر ویساہی ماحول بنے۔
چوہدری نثار نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے عدلیہ کی بحالی، تیل کی قیمتوں میں اضافے سمیت دیگر امور پر بھر پور موقف اپنایا ہے۔ ن لیگ واحد جماعت ہے جس نے بجٹ پر احتجاج کیا تھا۔ نواز شریف نے چند روز قبل بیان دیا تھاکہ کرپٹ حکومت کا سہارا نہیں بنیں گے لہٰذا یہ تاثر دینا غلط ہے کہ مسلم لیگ ن حکومت کے غیر جمہوری اقدامات کی حمایت کرے گی، اس تاثر کی کوئی گنجائش نہیں۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz