لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ماڈل ٹاﺅن کے علاقے لیاقت آباد میں پولیس کانسٹیبل کی اہلیہ نے گھریلو جھگڑے پرچار کمسن بچوں کو زہریلے ٹیکے لگا کر ہلاک کر دیا اور خود کو بھی زہریلہ ٹیکہ لگا لیا۔پولیس کے مطابق قربان لائنزمیں فلائنگ سکواڈ کے کانسٹیبل ریاض الدین کو صبح سات بجے اس کی بیوی منزہ نے فون پر بتایا کہ اس نے اپنے آپ کو اور چاروں بچوں کو زہریلے ٹیکے لگاکر ہمیشہ کےلئے اس کے خاندان سے چھٹکارا پالیا ہے۔ ریاض الدین فوری طور پر گھر پہنچا تو کمرے میں اپنی بیوی منزہ اور چاروں بچوں نو سالہ عمیزہ، سات سالہ آئزہ، چار سالہ انزہ اور تین سالہ نعمان کوبے ہوش پڑے دیکھا۔ ریاض الدین نے پانچوں کو محلہ داروں کی مدد سے فوری طور پر اتفاق ہسپتال منتقل کیا جہاں پہنچنے سے قبل ہی چاروں بچے دم توڑ چکے تھے جبکہ منزہ کو تشویشناک ہونے کے باعث اسے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیاجہاں ڈاکٹر اس کی زندگی بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہلاک شدگان کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ کانسٹیبل ریاض الدین نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنے بیوی بچوں سمیت جوائنٹ فیملی سسٹم میں رہ رہا تھا اور اس کے پاس ایک ہی کمرہ تھا جس میں اس کی فیملی کا گزارہ مشکل تھا جبکہ سرمایہ زیادہ نہ ہونے کے باعث وہ الگ گھر بھی نہیں لے سکتا تھا۔ اس نے بتایا کہ اس کا اپنی بیوی کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں تھا جبکہ اس کی ماں اور بہنوں کے ساتھ اس کی بیوی کا جھگڑا اکثر رہتا تھا جس کے باعث اس کی بیوی منزہ نے یہ قدم اٹھایا ہے۔