خودکشی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ

گزشتہ کچھ عرصے سے ملک بھر میں خودکشی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔سب سے افسوسنا ک امر یہ ہے کہ غربت کے مارے لوگ اپنے بچوں سمیت خود کو زہر دے کر مار رہے ہیں۔ مسلم لیگ ق کے ایک رکن قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ زندہ رہنا اور مرنا اللہ کی رضا سے ہے۔ اگر کوئی اپنی مرضی سے خودکشی کر رہا ہے تو ہمیں اس میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ وفاقی وزیراطلاعات قمر الزمان کائرہ کا فرمان ہے کہ لوگ اپنے بچوں کو مارنے کے بجائے بیت المال کے حوالے کر دیں۔ اب بیت المال ان کے ساتھ کیا سلوک کرے گا۔اس سلسلے میں کسی حکومتی عہدیدار نے ابھی تک اپنے زریں خیالات کا اظہار نہیں کیا۔ مسلم لیگ ن جو سستی روٹی مہم چلا رہی ہے وہ بھی بڑھتی ہوئی خودکشیوں کے معاملے پر خاموش تماشائی بنی ہوئی حالانکہ اجتماعی خودکشیوں کے واقعات بھی سب سے زیادہ پنجاب میں ہو رہے ہیں۔لگتا یہی ہے کہ نہ تو وفاقی حکومت کے پاس اس مسئلے کا کوئی حل موجود ہے اور نہ ہی صوبائی حکومتوں کے پاس لوگوں کو اپنے بچوں کو زہر دینے سے روکنے کا کوئی بندوبست ہے۔مہنگائی ہے کہ آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ بے روزگاری ہے کہ بڑھتی ہی چلی جاتی ہے۔حکومتیں ناکام ہوجائیں تو عوام اپنی کوئی سبیل پیدا کرلیتے ہیں۔ ایک سبیل تو یہ ہے زندگی کا اپنے ہاتھوں سے خاتمہ کر لیا جائے۔جس کی اجازت اسلام میں نہیں ہے۔ دوسری سبیل آپ کی نظر میں کیا ہو سکتی ہے کہ لوگوں کو اپنے بچوں کو زہر دے کر مارنے سے روکا جائے اور انہیں معاشرے میں باعزت طریقے سے زندہ رہنے کے حالات پیدا کیے جائیں۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz