پاکستان کرکٹ ٹیم ایک نئے دوراہے پر!

ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد اتوارکو دمبولا میں قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ محسن خان نے کپتان شاہد آفریدی‘ کوچ وقار یونس اور پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ کے ساتھ میٹنگ کے بعد انگلینڈ میں آسٹریلیا کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ میچوں کے لیے الگ الگ ٹیموں کا اعلان کیا ہے جس میں نئے اور پرانے کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا گیا ہے، تاکہ ٹیم کو مزید بہتر بنایا جاسکے، ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں محمد آصف کی جگہ وہاب ریاض اور فواد عالم کو جگہ ملی ہے جبکہ ٹیسٹ ٹیم میں وہاب ریاض اور تنویر احمدکو موقع دیا گیا ہے انگلینڈ میں طویل دورے کے دوران پاکستانی ٹیم سینئر بیٹسمینوں محمد یوسف‘ یونس خان‘ فیصل اقبال کی خدمات سے محروم ہوگی ۔ شعیب اخترکو ٹیسٹ ٹیم میں جگہ نہ مل سکی کیونکہ وہ ایشیاء کپ میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے، ٹیسٹ ٹیم میں مڈل آرڈر بیٹسمین یاسر حمید اور نوجوان اوپنر اظہر علی کو شامل کیا گیا ہے۔ 32 سالہ سابق کپتان یونس خان جو سرے کاؤنٹی کی طرف سے انگلش سیزن میں حصہ لے رہے ہیں، پی سی بی نے ان پر عائد پابندی اٹھا لی ہے، اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ یونس خان سرے کی طرف سے اگر کارکردگی دکھائیں گے تو ان کی شمولیت پر غورکیا جائے گا۔دورہ انگلینڈ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم پہلے ہی محمد یوسف جیسے تجربہ کار بلے باز کی خدمات سے محروم ہے۔ اور اب یونس خان کو باہربٹھا کر مڈل آرڈرکا بحران نمایاں کر دیا گیا ہے۔ آپ کے خیال میں یونس خان کا عدم انتخاب ٹیم کے لیے کتنا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے؟

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz