Posted by Unknown on Thursday, February 03, 2011
ہملٹن: پاکستان نے پانچویں ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو اکتالیس رنز شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ ہملٹن میں کھیلے جانے میچ میں گرین شرٹس نے احمد شہزاد کی شاندارسنچری کی بدولت کیویز کو کامیابی کیلئے دوسوانہتررنزکا ہدف دیا ہے جس کے جواب میں میزبان ٹیم دو سوستائیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے اننگزکا آغازکیا توبیس کے مجموعی اسکورپراوپنرمحمد حفیظ پویلین لوٹ گئے۔ کامران اکمل بھی سترہ کے اسکورپررن آوٴٹ ہوئے۔ ایک سوبیس کے مجموعی اسکورپرپاکستان کوتیسرانقصان یونس خان کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ یونس نے اکیس رنزاسکورکئے۔ ایک سوبیس رنزپرتین وکٹیں گرنے کے بعد احمدشہزاد نے مصباح الحق کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں ستتررنزکا اضافہ کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔ احمدشہزاد نے اپنے آٹھویں ون ڈے میچ میں پہلی سنچری اسکورکی۔ وہ ایک سوپندرہ رنزبناکرآوٴٹ ہوئے۔ مصباح الحق پچیس کپتان شاہد آفریدی چوبیس اور عمراکمل نیبتیس رنزاسکورکئے۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورزمیں نو وکٹوں پردوسوارسٹھ رنزبنائے۔
Read more »
Posted by Unknown on Thursday, February 03, 2011

ریکوڈیک کیس: سونے ، تانبے کی کان کنی کے ٹھیکے کیخلاف حکم امتناعی جاری
سپریم کورٹ نے بلوچستان کے علاقے ریکوڈیک میں سونے اورتانبے کی کان کنی کے ٹھیکے کے خلاف حکم امتناعی جاری کردیا۔ جسٹس خلیل الرحمان رمدے نے ریمارکس دیئے ہیں ریکوڈیک کے معاملے میں دوسروں کوقصوروارنہیں ٹھہرایا جاسکتا ہماری اپنی غلطیاں ہیں۔ سپریم کورٹ کے چاررکنی بنچ نے نے بلوچستان کان کنی کا ٹھیکہ دینے کے مقدمے کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے غیرملکی کمپنی ٹی تھیان کوٹھیکے کے حصول کیلئے درخواست دینے کی اجازت دے دی ہے۔ درخواست گذار بیرسٹرظفراللہ نے دلائل دیئے کہ بلوچستان کو25 فیصد مفت نہیں ملے گا، اسے 822ملین ڈالرکی سرمایہ کاری بھی کرنا پڑے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کان کنی کا ٹھیکہ ملک کے خلاف سازش ہے۔ جسٹس خلیل الرحمان رمدے نے ریمارکس دیئے کہ ہم دوسروں کوقصووارنہیں ٹھہراسکتے، ہماری اپنی غلطیاں اورکمزوریاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک جتنی ریسرچ ہوئی وہ غیرملکی کمپنیوں نے کی۔ ہمارے ماہرین نے اس منصوبے پرکچھ نہیں کیا۔مقدمے کی آئندہ سماعت آٹھ فروری کوہوگی۔
Read more »
Posted by Unknown on Thursday, February 03, 2011
قاہرہ: قاہرہ میں مصر کے صدر حسنی مبارک کے حامیوں کی فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہوگئے، فوج کی گاڑیاں قاہرہ کے تحریر اسکوائر پہنچا دی گئیں۔ مصر میں حکومت مخالف احتجاج کا آج دسواں دن ہے۔ پچیس جنوری کو شروع ہونے والا احتجاج حسنی مبارک کے کسی اقدام سے سرد نہیں ہوا تو گزشتہ روز تحریر اسکوائر پر صدر حسنی مبارک کے حامیوں نے مظاہرین پر حملے شروع کردئے۔ حکومت کے حامیوں نے پیٹرول بم، بوتلیں، اینٹیں اور لوہے کے سرئے استعمال کئے۔ گزشتہ روز شروع ہونے والا جھڑپوں کا سلسلہ آج دوسرے دن بھی جاری ہے۔ فائرنگ کی آوازیں بھی آرہی ہیں۔ مشتعل افراد نے کئی گاڑیاں جلادیں۔ پولیس نے صدر حسنی مبارک کے مخالفین پر شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔ مخالفین کا کہنا ہے کہ حملہ آور صدر کے حامی نیشنل ڈیموکریٹک کے کارکن اور سادہ لباس میں پولیس اہلکار ہیں۔ ہنگامہ آرائی میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ مصر کے نائب صدر اور انٹیلی جنس چیف عمر سلیمان نے تحریر اسکوائر پر موجود مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ احتجاج کے خاتمے پر ہی سیاسی قوتوں سے مذاکرات ہوسکتے ہیں۔
Read more »
Posted by Unknown on Thursday, February 03, 2011
کراچی: مصر میں محصور پاکستانیوں کے انخلا کے لئے پی آئی اے کے دو طیارے آج قاہرہ روانہ ہوں گے۔ پی آئی اے بوئنگ سیون فور سیون اور ایئربس تھری ون زیرو مصر بھیجے گا۔ کراچی سے پہلی پرواز پی کے ٹو سکس ون ٹو رات ساڑھے آٹھ بجے روانہ ہوگی جو پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو لے کر کل صبح ساڑھے آٹھ بجے اسلام آباد واپس پہنچ جائے گی۔ دوسرا طیارہ آج رات ساڑھے دس بجے کراچی سے قاہرہ روانہ ہوگا جو مسافروں کو لے کر کل صبح گیارہ بجے اسلام آباد واپس پہنچ جائے گا۔
Read more »
Posted by Unknown on Thursday, February 03, 2011
لاہور ، ریمنڈ ڈیوس کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع
لاہور میں دو افراد کے قتل کے ملزم ریمنڈ ڈیوس کے جسمانی ریمانڈ میں آٹھ روز کی توسیع کردی گئی۔ عدالت نے ملزم کی ناجائز اسلحہ کیس میں ضمانت منظور کرلی امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کوسکیورٹی وجوہا ت کی بناء پر وقت سے ایک گھنٹہ پہلے ہی کینٹ کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ عدالت کے رو برو پولیس نے بتایا کہ ملزم سے تفتیش کرنا ابھی باقی ہے لہذا جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔ جس پر عدالت نے جسمانی ریمانڈ میں آٹھ روز کی توسیع کرتے ہوئے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔ جب کہ ناجائز اسلحہ کیس میں اس کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ ملزم ریمنڈ ڈیوس کو دوبارہ 11فروری کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
Read more »
Posted by Unknown on Wednesday, February 02, 2011
ہملٹن: پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان چھ میچوں پرمشتمل ون ڈے سیریزکا پانچواں میچ کآج ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہناہے کہ پانچواں میچ جیت کرسیریزاپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان کونیوزی لینڈکے خلاف سیریزمیں دوایک کی سبقت حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں پانچویں میچ کیلئے ہملٹن پہنچ گئی ہیں۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح چھ بجے شروع ہوگا۔ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ہملٹن میں پاکستانی صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ چوتھے ون ڈے میں فتح سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے۔ پانچواں ون ڈے جیت کرسیریزجیتنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے طویل عرصے سے کوئی ون ڈے سیریزنہیں جیتی ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف سیریزجیت کربلند حوصلے کے ساتھ ورلڈ کپ میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پانچویں ون ڈے میں وننگ کمبی نیشن کوتبدیل نہیں کیا جائے گا۔ ایک سوال پران کا کہنا تھا کہ بالرزنے چوتھے ون ڈے میں بہت زیادہ اضافی رنزدئیے جس پرقابوپانا ہوگا۔ اگرمڈل آرڈربیٹسمین کارکردگی کے تسلسل کوبرقراررکھیں توبقیہ دومیچزبھی باآسانی جیت سکتے ہیں۔
Read more »
Posted by Unknown on Wednesday, February 02, 2011
ناموس رسالت بل اسمبلی میں پیش نہی ہوا تو واپس لینے کا سوال ہی نہیں: شیری رحمان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ ناموس رسالت قانون میں ترمیم کیلئے ان کے بل کے واپس لینے کا کوئی سوال ہی نہیں کیونکہ سپیکرنے بل قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل ہی نہیں کیا۔ شیری رحمان نے بل کی واپسی پراپنے اتفاق کے بارے میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ریمارکس کے حوالے سے کہا کہ اس بارے میں ان سے مشورہ نہیں کیا گیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ اب جبکہ وزیراعظم فیصلہ کرچکے ہیں کہ ناموس رسالت کے قانون کے قواعد میں ترامیم پر بات نہیں ہوسکتی اور قانون میں تبدیلی کیلئے قائم کمیٹی ختم کی جاچکی ہے۔ اس لئے پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے وہ پارٹی کا فیصلہ قبول کریں گی۔ شیری رحمان نے مزید کہا کہ ان کا بل قومی اسمبلی کے ایجنڈے پرآتا تو ارکان کو معلوم ہوتا کہ انہوں نے ناموس رسالت کے قانون کے خاتمے کی کوئی تجویز نہیں دی، بلکہ قانون کا غلط استعمال روکنے کیلئے اس میں ترمیم کی سفارش کی تھی۔
Read more »
Posted by Unknown on Wednesday, February 02, 2011
قاہرہ: قاہرہ کے تحریرچوک پرصدر حسنی مبارک کے مخالفین اور حامیوں میں تصادم جاری ہے، جبکہ سادہ لباس مصری پولیس نے بھی حکومت مخالفین پر دھاوا بول دیا ہے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی،ایک شخص ہلاک اوردرجنوں زخمی ہوچکے ہیں، حکومت مخالفین نے مطالبے پورے ہونے تک تحریر چوک خالی نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ مصرکے تحریر چوک پر صدر حسنی مبارک کے مخالفین اور حامیوں کے درمیان تصادم میں ڈنڈے اور پتھر استعمال کئے گئے، گھوڑوں اور اونٹوں پر سوارصدر کے حامی مخالفین پر لاٹھیاں برساتے رہے۔ پولیس نے مبارک مخالفین پر شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی ،جبکہ مشتعل مظاہرین نے ایک عمارت بھی نذر آتش کردی ہے۔ فوج نے تصادم روکنے کیلئے درمیان میں ٹرک کھڑے کرکے ہوائی فائرنگ شروع کردی ہے تاہم فریقین کے درمیان پتھروں کا تبادلہ ہوتا رہا۔ مخالفین کا موٴقف ہے کہ حملہ آورصدر کے حامی نیشنل ڈیموکریٹک کے کارکنان اورسادہ لباس پولیس اہلکار ہیں۔ دوسری جانب اسکندریہ میں حکومت مخالف مظاہرے آج بھی جاری رہے۔ ترکی کے وزیراعظم طیب اردگان نے مصری صدر سے فوری طور پرمستعفی ہوکرعبوری انتظامیہ کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ حسنی مبارک سے ٹیلیفون پرگفتگومیں امریکی صدراوابامہ نے کہا کہ مصری صدرفوری طور پراقتدارپرامن انداز میں منتقل کردیں۔ ترکی، یورپی یونین اور برطانیہ نے بھی مصری صدر سے فوری تبدیلی اقتدارکا مطالبہ کردیا۔ تاہم مصری حکومت نے عالمی مطالبات مسترد کردئیے ہیں۔ مخالفین حکومت نے جمعہ کو ایوان صدر تک احتجاجی مارچ کا اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے مخالفین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
Read more »
Posted by Unknown on Wednesday, February 02, 2011
این آئی سی ایل کیس: ایف آئی اے کا محسن وڑائچ کی حوالگی کیلئے برطانیہ سے رابطہ ایف آئی اے نے نیشنل انشورنس کمپنی بدعنوانی کیس میں ملوث سابق وفاقی وزیرحبیب اللہ وڑائچ کے بیٹے محسن وڑائچ کی حوالگی کیلئے برطانیہ سے رابطہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے دفترخارجہ کے توسط سے برطانیہ کے محکمہ داخلہ سے رابطہ کرکے درخواست کی ہے کہ محسن وڑائچ کے برطانیہ میں موجود اثاثے منجمد کردیئے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی محکمہ داخلہ کا جواب موصول ہونے کے بعد ایف آئی اے کی ٹیم برطانیہ جائے گی۔ واضح رہے کہ این آئی سی ایل میں مارکیٹ ریٹ زیادہ پرزمین خرید کر قومی خزانے کواربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا مقدمہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے، اورعدالت نے سکینڈل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔
Read more »
Posted by Unknown on Wednesday, February 02, 2011
سڈنی: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو چھٹے ایک روزہ میچ میں دو وکٹوں سے شکست دے کر سات میچوں کی سیریز میں پانچ ایک کی برتری حاصل کرلی۔سڈنی میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس انگلینڈ نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جوناتھن ٹراٹ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں پر تین سو تینتیس رنز بنائے۔ ٹراٹ نے ایک سو چھبیس گیندوں پر ایک سو سینتیس رنز کی اننگز کھیلی۔ اینڈریو اسٹراس نے ترسیٹھ رنز بنائے۔ شان ٹیٹ نے دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف بیٹسمینوں کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت آخری اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ مائیکل کلارک بیاسی رنزبناکر نمایاں رہے۔ مچل جونسن ستاون، شین واٹسن اکیاون اور کیلم فرگوسن نے چھیالیس رنز اسکور کئے۔ اسٹیون فن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
Read more »
Posted by Unknown on Wednesday, February 02, 2011

قاہرہ: مصر میں صورتحال کشیدہ ہوتی جارہی ہے اور قاہرہ کے تحریر اسکوئر میں حکومت مخالفیں اور حامیوں کے درمیان تصادم کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ صدر کے مخالفین اور حامی ایک دوسرے پر پتھراوٴ کررہے ہیں۔ اپوزیشن نے الزام لگایا ہے کہ سادہ لباس میں ملبوس سرکاری اہلکار مظاہرین میں شامل ہوکر احتجاج کو پرتشدد رنگ دے رہے ہیں۔ اس سے پہلے آج دوپہر فوج نے مخالفین سے اپیل کی تھی کہ وہ احتجاج کا سلسلہ ختم کر دیں۔ حزب اختلاف نے صدر حسنی مبارک کا آئندہ عام انتخابات میں شریک نہ ہونے کا اعلان مسترد کرتے ہوئے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ صدر کے مستعفی ہونے پر نائب صدر سے مذاکرات کئے جائیں گے۔ حزب اختلاف نے حسنی مبارک پر دباوٴ بڑھانے کے جمعہ کو مارچ کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اس بار ایوان صدر میں پہنچیں گے۔ مصر کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ سال نومبر اور دسمبر میں عام انتخابات کے نتیجہ میں وجود میں آنے والی پارلیمنٹ انتخابی نتائج پر نظر ثانی تک معطل کردی گئی ہے۔ دوسری جانب حکومت نے تین شہروں قاہرہ، اسکندریہ اور سوئز میں نافذ کرفیو میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔ شام تین بجے سے صبح آٹھ بجے تک نافذ ہونے والا کرفیو اب شام پانچ بجے سے صبح سات بجے تک نافذ رہے گا اس طرح کرفیو کا عرصہ تین گھنٹہ کم ہوگیا ہے۔ دوسری جانب برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے مصر میں فوری سیاسی اصلاحات کے آغاز کا مطالبہ کیا ہے۔ڈیوڈ کیمرون نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا کہ مصر کی صورتحال دیرپا اور قابل اعتماد اصلاحات کی متقاضی ہے۔ اور ان اصلاحات کا آغاز فوری طور پر ہونا چاہئے۔
Read more »
Posted by Unknown on Wednesday, February 02, 2011
لاہور: قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی محمد ثقلین نے بھارت میں ہونے والی ورلڈ ہاکی سیریز میں حصہ لینے پر آمادگی ظاہر کر دی۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد ثقلین نے بتایا کہ انڈین ہاکی فیڈریشن نے ان سے سیریز کھیلنے کے لئے رابطہ کیا ہے اور سینئرز کھلاڑیوں کیلئے یہ ایک پرکشش آفر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی پلیئرز کو بہت کم معاوضہ ملتا ہے جس کے باعث متعدد اچھے اور سینئرز کھلاڑی مالی مسائل کا شکار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں وہ اس پیشکش پر سنجیدگی سے غور کر ر ہے ہیں۔ محمد ثقلین نے کہا کہ کئی کھلاڑی ورلڈ ہاکی سیریز کھیلنے کے لئے رضامند ہیں ان کی کوشش ہے کہ لاہور بادشاہ کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرے۔
Read more »
Posted by Unknown on Wednesday, February 02, 2011
امریکی شہری کیس: عدالت کا جاں بحق افراد کے لواحقین کو شامل تفتیش کرنے کاحکملاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے فیضان کے لواحقین کو بھی کیس میں شامل تفتیش کرنے کاحکم جاری کردیا ہے، جبکہ ریمنڈ ڈیوس کےہاتھوں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے ورثاء نے کل امریکی قونصلیٹ کےسامنے دھرنےکااعلان کردیاہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں مقتول فیضان کے بھائی عمران حیدر کی جانب سے دائر کی گئی رٹ میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس قتل کیس میں انہیں شامل تفتیش نہیں کررہی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بیانات بھی قلمند نہیں کیے جا رہے۔
اس حوالے سے کئی بار سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشن کو درخواستیں بھی دیں لیکن کچھ نہیں ہوا۔ چیف جسٹس نے درخواست کی سماعت کے بعد پولیس کو حکم دیا کہ فیضان کے لواحقین کو شامل تفتیش کرکے ان کے بیانات قلمبند کیے جائیں۔
عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ کیس کی تفتیش انسپکٹر کی بجائے اعلٰی پولیس آفیسر سے کرائی جائے۔ دوسری طرف قرطبہ چوک میں امریکی اہلکار ریمنڈ ڈیوس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے فیضان حیدر، محمد فہیم اور عبادالرحمن کے لواحقین نے تحریک انصاف کے رہنماوں کے زیر اہتمام پریس کانفرنس میں تفتیش پرعدم اعتماد کااعلان کرتے ہوئے احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کا اعلان کیا.
جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے ورثاء کا کہنا تھا کہ انکے پیاروں کے خلاف پولیس کوئی کریمنل ریکارڈ نہیں ڈھونڈ سکی۔ لواحقین نے یہ بھی کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے خلاف درج مقدمہ میں دفعات درست نہیں لگائی گئیں۔ پولیس کی تفتیش سے آسانی کے ساتھ ریمنڈ ڈیوس کو بچ نکلنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
عباد الرحمن کے بہنوئی شہزاد اور بھائی سجاد کا کہنا تھا کہ عبادالرحمن کے پاس ایک سے زائد موبائل اوردوسری چیزیں بھی تھیں مگر پولیس نے کئی اشیاء کو غائب کر دیا ہے۔ انہوں نے عدلیہ سے امریکی اہلکار کے خلاف سخت کارروائی اورضمانت بھی نہ لینے کی اپیل کی۔
اس موقع پرورثاء اور تحریک انصاف کے ر ہنماوں نےجائے وقوعہ پر پھول نچھاور کیئےاوروہاں یادگار قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئےامریکی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا
Read more »
Posted by Unknown on Wednesday, February 02, 2011

لاہور: پنجاب اسمبلی میں یونیفیکیشن گروپ نے سینتالیس ارکان کی اکثریت ظاہر کرکے چوہدری ظہیرالدین کی جگہ ڈاکٹر طاہر علی جاوید کو اپنا نیا پارلیمانی لیڈر منتخب کرکے اسپیکر کو درخواست جمع کرادی ہے۔ طاہر علی جاوید کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف اب کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں ہونے والے اجلاس میں عطا مانیکا نے ڈاکٹر طاہر علی جاوید کو نیا پارلیمانی لیڈر نامزد کیا جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ جس کے بعد اجلاس کی صدارت نئے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر طاہر علی جاوید نے کی۔ اجلاس میں چوالیس ارکان شریک تھے جبکہ عطا مانیکا کے مطابق تین ارکان ذاتی مصروفیات کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ بعدازاں چوالیس ارکان نے اسپیکر سے ملاقات کرکے سینتالیس ارکان کے دستخطوں پر مشتمل درخواست پیش کی جس میں الگ بنچوں کی الاٹمنٹ اور نیا پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے کی استدعا شامل تھی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطامانیکا اور طاہر علی جاوید نے کہا کہ انہوں نے کوئی نئی جماعت جائن نہیں کی بلکہ مسلم لیگ ق میں اکثریت ظاہر کرکے چوہدری ظہیر الدین کی جگہ نیا پارلیمانی لیڈر منتخب کیا ہے۔ اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کا کہنا تھا کہ درخواست پر آئین کے مطابق اگلے سیشن سے پہلے فیصلہ کرلیا جائے گا۔ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے ٹکٹ سے اکاسی ارکان منتخب ہوئے تھے جن میں سے سینتالیس ارکان کی اکثریت نے چوہدری ظہیر الدین پر عدم اعتماد ظاہر کردیا ہے۔ اب ق لیگ کے پاس صرف چونتیس ارکان رہ گئے ہیں۔
Read more »
Posted by Unknown on Wednesday, February 02, 2011

پی سی او ججز کیخلاف 21 فروری کو فرد جرم عائد کی جائیگی
سپریم کورٹ کا پی سی اوججوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے 21 فروری کو فرد جرم عائد کرنے کا حکم ۔ چار رکنی بینچ نے قرار دیا ہے کہ آرمی چیف اور کور کمانڈرز نے بظاہر توہین عدالت نہیں کی ، فوجی افسران کو نوٹس جاری کرنے کا معاملہ چیف جسٹس کو بجھوا دیا گیا۔ جسٹس ایم اے شاہد صدیقی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے چاررکنی بینچ کے فیصلے کے تحت نوپی سی اوججز جسٹس (ر) عبدالحمیدڈوگر،جسٹس سید زاہد حسین، جسٹس شبررضا رضوی، جسٹس حامد علی شاہ، جسٹس حسنات احمد، جسٹس سجاد حسین شاہ، جسٹس یاسمین عباسی، جسٹس جہانزیب رحیم اورجسٹس افتخارحسین چوہدری کے خلاف 21 فروری کو فرد جرم عائد کی جائے گی اور توہین عدالت کا مقدمہ چلایا جائے گا۔ لاہورہائی کورٹ کے دو پی سی اوججز جسٹس ظفراقبال اورجسٹس خورشید انوربھنڈرکوآئین کی بحالی کے بعد حلف اٹھانے کے باعث توہین عدالت سے استثنی دے دیا گیاہے۔ بینچ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ جرنیلوں کا معاملہ پی سی اوججوں کے مقدمہ سے منسلک نہیں کیا جاسکتا۔سابق وزیراعظم اورجرنیلوں کے خلاف توہین عدالت کے الزامات ان کے اپنے حقائق کی روشنی میں دیکھنا ہوں گے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جرنیلوں کےاقدامات بظاہر 7 رکنی بینچ کے فیصلے کی خلاف ورزی میں نہیں کیے گئے۔ ایمرجنسی کا نفاذاورپی سی اوججوں کےلیے نئےحلف جیسے اقدامات سات رکنی بینچ کا فیصلہ آنے سے پہلے ہی کرلیے گئے تھے۔ بینچ نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز اورجرنیلوں کے خلاف نوٹس جاری کئے جانے سے متعلق فیصلہ چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کو بجھوا دیا۔
Read more »
Posted by Unknown on Tuesday, February 01, 2011
نیپیئر: پاکستان نے چوتھے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو دووکٹوں سے شکست دے دی۔ مصباح الحق نے تیرانوے رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔نیپیئر میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کیویز نے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر دو سو باسٹھ رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض سے تین جبکہ عبدالرزاق ،شاہد آفریدی اورمحمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پاکستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے دوسو تریسٹھ رنز کا ہدف آٹھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ احمد شہزاد اور یونس خان نے بیالیس بیالیس رنز بنائے۔عبدالرزاق نے تئیس جبکہ کامران اکمل نے بیس رنز پر آؤٹ ہوئے۔کپتان شاہد آفریدی صرف چار رنز بنا سکے۔سہیل تنویر چودہ رنز جبکہ مصباح الحق ناقابل شکست تیرانوے رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے اسٹائرس نے تین جبکہ ویٹوری اور برنیٹ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔چوتھے ون ڈے میں فتح کے بعد پاکستان نے چھ ون ڈے میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی ہے۔
Read more »
Posted by Unknown on Tuesday, February 01, 2011
اسلام آباد: مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔ صوبوں کو منتقل ہونے والی وزارتوں کے مالی معاملات، زراعت اور ٹیوب ویل پر دی جانے والی سبسڈی پر غور کیا جارہا ہے۔وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں صوبوں کو منتقل ہونے والی وزارتوں کے مالی معاملات، زراعت اور ٹیوب ویل پر دی جانے والی سبسڈی پر غور کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں دو نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جارہا ہے جس میں مالیاتی امور اور گیس کی پیداوار اور تقسیم کے معاملات زیر بحث ہیں۔ اجلاس میں گیس لوڈشیڈنگ کے حوالے سے صوبوں کے تحفظات پر بھی بات چیت ہورہی ہے۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی اور وفاق کے نمائندے شریک ہیں
Read more »
Posted by Unknown on Tuesday, February 01, 2011
قاہرہ: مصر کے صدر حسنی مبارک کیخلاف ملین مارچ جاری ہے ۔ فوج نے طاقت کے استعمال سے انکار کردیا۔صدر حسنی مبارک نے نائب صدر کو اپوزیشن سے فوری مذاکرات کی ہدایت کردی۔قاہرہ کے تحریر اسکوائر میں جمع ہزاروں افراد کا رخ ایوان صدر کی جانب ہے۔ مظاہرین کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ مطلق العنان صدر حسنی مبارک اقتدار سے علیحدہ ہوجائیں۔ حکومت نے ملین مارچ روکنے کیلئے ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا ہے۔ کرفیو کے باجود مظاہروں کا سلسلہ پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ گذشتہ روز آئی اے ای اے کے سابق سربراہ اور حزب اختلاف کے رہنما محمد البرادعی نے کہا تھا کہ تبدیلی آ رہی ہے۔ عوام تحمل سے کام لیں ۔نائب صدر عمر سلیمان نے قوم سے خطاب میں کہا کہ صدر حسنی مبارک نے تمام جماعتوں سے فوری مذاکرات کی ہدایت دی ہے۔ صدر مذاکرات کے ذریعے آئینی تبدیلی پر آمادہ ہیں۔۔اخوان المسلون سمیت ملک کی پانچ بڑی جماعتوں نے البرادعی کو حکومت سے مذاکرات کے لئے نامزد کردیا ہے۔ مصری فوج نے کہا ہے کہ مظاہرین کے مطالبات جائز ہیں لہٰذا ان کے خلاف قوت کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔ امریکا نے مصری حکومت اور مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ تحمل سے کام لیں اور تشدد سے گریز کیا جائے۔
Read more »
Posted by Unknown on Tuesday, February 01, 2011
وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ امریکی سفارتخانے کےاہلکار ریمنڈ ڈیوس کا فیصلہ عدالت کرے، صوبائی اور وفاقی حکومت میں اس حوالے سے کوئی اختلافات نہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ اگر کوئی ویزے کیلئے اپلائی کرتا ہے تو اسے ویزا ملتا ہے، ویانا کنونشن کے تحت سفارتکار کو ویزا دینا پڑتا ہے۔ پاکستانی ویزا لے کر کوئی جرم کرتا ہے تو یہ اس کا انفرادی فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی قسم کے معاہدے پر دستخط نہیں کئے، ریمنڈ ڈیوس کا کوئی ریکارڈ وزارت داخلہ سے گم نہیں ہوا ہے، ہمیں فائل چھپانے کی ضرورت نہیں ہے، عدالت جب طلب کرے گی ریکارڈ پیش کر دیا جائے گا۔ ریمنڈ ڈیوس نے ویزے کیلئے درخواست دی تو ویزا مل گیا۔
رحمان ملک کا کہنا تھا کہ مکمل تفتیش اور عدالتی فیصلے کے بعد ہی تعین کیا جا سکتا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے ساتھ کیا سلوک کیا جائے گا تاہم ریمنڈ ڈیوس کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے انہیں کوئی علم نہیں۔ انہوں نے کہا ممبئی حملوں کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے کوئی تاخیر نہیں ہے جبکہ بھارت ہمارے جوڈیشل کمیشن کو تحقیقات کے لئے رسائی نہیں دے رہا جس کے باعث یہ عمل تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ توہین رسالت کے حوالے سے نہ تو کوئی کمیٹی بنی ہے اور نہ ہی کوئی نوٹیفیکیشن جاری ہوا ہے جس سے یہ بات بالکل واضح ہے کہ حکومت توہین رسالت میں ترمیم کا ارادہ نہیں رکھتی۔
Read more »
Posted by Unknown on Tuesday, February 01, 2011
لاہور: لاہورہائی کورٹ نے دو نوجوانوں کے قتل میں ملوث امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کا نام ایگزٹ کنڑول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دے دیا ملزم کو آئندہ سماعت تک امریکاکے حوالے کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس اعجاز احمد چوہدری ریمنڈ ڈیوس کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے سے متعلق چار مختلف درخواستوں کی سماعت کر رہے ہیں۔دوران سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل خواجہ حارث اور اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل وقاص ڈار نے عدالت کو بتایا کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے اور اس حوالے سے جو بھی عدالتی حکم ہوگا اس پر مکمل طور پر عمل کرایا جائے گا۔ عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ ملزم کے سفارتی استثنیٰ کے حوالے سے کوئی ریکارڈ موجود نہیں اور نہ ہی کسی نے اس حوالے سے رجوع کیا ہے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اسے آئندہ سماعت تک کسی دوسرے ملک کے حوالے نہ کیا جائے۔ عدالت نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا ہے کہ ملزم ریمنڈ ڈیوس کی سفارتی حیثیت اور استثنیٰ کے حوالے سے فیصلہ بھی عدالت کرے گی۔
Read more »