لیبیا:امریکا اور اتحادیوں کے حملے ،50سے زائد افراد ہلاک

لیبیا پر امریکا اور اتحادیوں کے بحری اور فضائی حملے میں پچاس سے زائد افراد ہلاک اور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ کارروائی میں چار ٹینک اور کئی فوجی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔بحیرہ روم میں موجود امریکی بحری جہاز اور اتحادی فوج کے درجنوں لڑاکا طیاروں نے آپریشن اڈیسی ڈان میں حصہ لیتے ہوئے لیبیا میں کئی مقامات کو نشانہ بنایا۔ فرانسیسی طیاروں نے معمر قذافی کے آبائی شہر سرت اور بن غازی کے اطراف میں بمباری کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حملوں میں چار ٹینک تباہ ہوگئے۔لیبیا نے فرانس کا ایک طیارہ بھی مارگرایا ہے۔ شہروں پر بمباری سے پہلے امریکا اور برطانیہ کے بحری جہازوں نے لیبیا کے ساحلی علاقوں میں بیس سے زائد دفاعی اہداف کو نشانہ بنایا اور ایک سو دس سے زائد کروز میزائل داغے۔ تین امریکی آبدوزوں اور گیارہ بحری جہازوں سمیت اتحادی فوج کے پچیس جہاز بحیرہ روم میں موجود ہیں۔ اتحادی فورسز کی کارروائی میں اب تک پچا س سے زائد افراد ہلاک اور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بیشتر خواتین اور بچے ہیں۔ لیبیا کے صدر معمر قذافی نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ بحیرہ روم میں فوجی اور سول اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔ عوام کے لئے اسلحہ خانے کھول دئے گئے ہیں۔ لیبیا کی وزرات خارجہ نے سلامتی کونسل کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے بیان کے مطابق غیرملکی طیاروں کی بمباری سے شہروں، فضائی اڈوں اور اسپتالوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اتحادی فوج کی کارروائی سے عالمی امن اور سلامتی خطرے میں پڑگئی ہے۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz