ایتھنز(اجالانیوز)تعصب کے خلاف مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کاامونیا سکوائر میں احتجاجی جلسہ حکومت سے تعصب کے خلاف سخت اقدامات کرنے ،پناہ گزینوں کوقانونی حثیت دینے اورنسلی تعصب سے بالاتر ہوکر انصاف مہیا کرنے کامطالبہ کیا۔امونیا سکوائر میں افریقی،ایشیائی،مشرقی یورپی ممالک،مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں تارکین وطن نے جلوس نکالا اوراپنے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔اس موقع پرمظاہرین کاکہناتھاکہ ان کے ساتھ پولیس کارویہ انتہائی نارواہے اورتھانوں میں ان کی جانب سے شکایات پرعمل درآمد نہیں کیاجاتا غیرقانونی پناہ گزینوں کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی ٹھوس پالیسی نہ ہونے کے باعث ان کوسخت مشکلات کاسامناہے،مظاہرین کاکہناتھاکہ ان سے نسلی تعصب کی بنا پر امتیازی سلوک کیاجاتاہے اوران کوزندگی کے مختلف شعبہ جات میں معاشی دھارے میں شامل کرنے میں زبردست رکاوٹیں ہیں جس کے باعث ان کا معاشی استحصال ہورہاہے۔مظاہرین کاکہناتھاکہ قوم پرست گروپ ان کے خلاف نسل پرستانہ تشدد آمیز کارروائیاں کرتے ہیںجن کے سدباب کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے دل چسپی نہیں لیتے جس کے باعث ان کی روز مرہ کی زندگیوں کوسخت مشکلات درپیش ہیں۔تارکین وطن نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ان کے مسائل کوحل کرنے کے لیے ٹھوس لائحہ عمل اپنایاجائے۔