کینڈی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ایک سو دس رنز سے شکست دے دی۔ کینڈی میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس نیوزی لینڈ نے جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کیوی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو شعیب اختر نے پہلے ہی اوور میں برینڈن مککلم کو بولڈ کردیا۔ چار رنز بنا کر جیمی ہاو عمر گل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ مارٹن گپٹل اور روس ٹیلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور میں ستاون رنز کا اضافہ کیا۔ گپٹل ستاون رنز بنا کر شاہد آفریدی کا شکار بنے۔ ایک سو تیرہ کے مجموعی اسکور پر جیمز فرینکلن بھی آوٹ ہوگئے۔ اسکاٹ اسٹائرس اٹھائیس اور نیتھن مککلم انیس رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ نے روس ٹیلر کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ پچاس اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر تین سو دو رنز بنائے۔ ٹیلر نے ناقابل شکست ایک سو اکتیس رنز کی اننگز کھیلی۔ میچ میں ایک بار پھر کامران اکمل نے ناقص وکٹ کیپنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کیچز ڈراپ کئے۔ عمر گل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ نے اننگز کے آخری پانچ اوورز میں ایک سو دو رنز اسکور کئے۔ تین سو تین رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈر باؤلرز کے سامنے بالکل بے بس نظر آئی اور پاکستانی بیٹسمین ایک کے بعد ایک آؤٹ ہو کر پویلین لوٹتے رہے۔ پاکستان کی پوری ٹیم بیالیسویں اوور میں ایک سو بانوے رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے عبدالرزاق باسٹھ رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ٹم ساؤتھی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔