لاہور میں الفیصل ٹاؤن میں ایک گھر کی چھت پر جمعرات کو گرنے والی نعش کی شناخت ہو گئی ہے۔ بدقسمت نوجوان داروغہ والہ کا قاسم صدیق ہے۔ تاہم اب مسئلہ یہ پیدا ہو گیا ہے کہ اس کا دوست علی جمشید کہاں ہے۔ جمعرات کی صبح سوا نو بجے لاہور ائیر پورٹ کے قریب الفیصل ٹاون میں حاجی افضل کے گھر کی چھت پر کچھ گرنے کی زور دار آواز آئی اور محلے داروں نے دیکھا تو چھت پر ایک نوجوان کی لاش پڑی تھی۔ محلے داروں کے خیال میں نوجوان جہاز سے گرا ہے۔ اس حوالے سے پولیس تھانہ شمالی چھاؤنی صدر، سول ایوی ایشن اور دیگر ادارے تحقیقات میں مصروف ہیں۔ ایوان صدر نے بھی اس پر اسرار واقعہ کی رپورٹ طلب کی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بھی نوجوان بہت بلندی سے گرا ہے جس سے اس کے جسم کی تمام ہڈیاں ٹوٹ گئیں ہیں۔ گزشتہ روز سول ایوی ایشن کی ایک اعلیٰ تحتیقاتی ٹیم نے کراچی سے آکر مجاہد اسلام کی سربراہی میں جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکھٹے کئے۔ اے ایس ایف حکام کی جانب سے ہیڈ آفس بھجوائی جانے والی رپورٹ کے مطابق متوفی داروغہ والا کے صدیق کا بیٹا قاسم ہے جو اپنے دوست علی کے ہمراہ لاپتہ تھا۔ قاسم کے والد صدیق نے لاش کی شناخت کر لی ہے۔