کرپشن اور جعل سازی میں ملوث شاہد ستار وفاقی مشیر مقرر

کرپشن اور جعل سازی میں ملوث شاہد ستار وفاقی مشیر مقرر
حکومت نے کرپشن ، دھوکہ دہی اور جعل سازی کے مقدمات میں ملوث میٹرک پاس شاہد ستار کو وزارت پانی و بجلی کا مشیر مقرر کرکے اربوں روپے کا منصوبہ سونپ دیا ہے۔ دنیا ٹی وی کو ملنے والی سرکاری دستاویزات کے مطابق وزارت پانی و بجلی میں مشیر تعینات کیے جانے والے شاہد ستار کے خلاف اسلام آباد کے تین تھانوں میں دھوکا دہی۔ جعل سازی اور کرپشن کے تین مقدمے درج ہیں۔ شاہد ستار کے خلاف تھانہ سیکریٹیریٹ میں پہلا مقدمہ اورینٹ پٹرولیم انٹر نیشنل کے صدر کی حیثیت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے دھوکا دہی ، جعل سازی، اور کرپشن کا درج ہوا۔ اس کیس کا چالان مکمل ہوچکا ہے۔ تھانہ کوہسار میں درج ہونے والا دوسرا مقدمہ دوہزار دو میں سیکرٹری پٹرولیم جی اے صابری نے درج کرایا۔ یہ مقدمہ ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔ اسلام آباد کے اسی تھانے میں کرپشن کے الزامات کے تحت شاہد ستار کے خلاف تیسرا مقدمہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے چیف پروٹوکول افسر عرفان بابر خان کی جانب سے درج کرایا گیا۔ شاہد ستار اس سے پہلے واپڈا میں بھی مشیر تعینات رہا۔ لیکن انیس سو اٹھانوے میں وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے حکم پر اسے برطرف کردیا گیا۔ بحیثیت مشیر واپڈا شاہد ستار نے سات لاکھ سے زائد سرکاری رقم غیر قانونی طور پر خرچ کی۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz