کرائسٹ چرچ: قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں کامیابی ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ ہے۔کرائسٹ چرچ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ اس فتح سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے۔ جو آئندہ میچوں میں ٹیم کے کام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ نے اچھی بیٹنگ کی بنیاد رکھی اور اننگز کے آخر میں وکٹیں ہونے کے باعث وہ کیویز کو بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوئے۔ محمد حفیظ کی اننگز کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ فتح میں باوٴلرز کی کارکردگی بھی بہت اہم رہی امید ہے آئندہ میچوں میں کھلاڑی اس سے بہتر کھیل پیش کریں گے۔ آفریدی نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل اس طرح کی جیت کی ٹیم کو بہت ضرورت ہے۔ ایک سوال پر آفریدی نے کہا کہ آئندہ میچوں میں مزید تجربات نہیں کئے جائیں گے۔ شعیب اختر کو مزید فٹنس کی ضرورت ہے کوچ وقار یونس ان پر کام کررہے ہیں۔