کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی سے جبری طور پر فارغ ہونے والے ملازمین نے گورنر ہاؤس کے قریب سڑک پر گاڑیاں کھڑی کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا، اور کے ای ایس سی آفس میں توڑ پھوڑ کی۔ کے ای ایس سی نے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے ساڑھے چار ہزار ملازمین کو جبری طور پر فارغ کردیا تھا۔ جس کیخلاف ملازمین نے کے ای ایس سی ہیڈ آفس سے فوراہ چوک تک سڑک پر گاڑیاں کھڑی کرکے ٹریفک بلاک کردی۔ بعد میں ملازمین کے ای ایس سی گذری آفس جمع ہوگئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مشتعل ملازمین نے دفتر میں زبردست توڑ پھوڑ کی۔ پارکنگ میں کھڑی کئی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ ڈالے۔ کے ای ایس سی لیبر یونین کے رہنماؤں نے برطرف ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جبری برطرفی معاشی قتل عام ہے۔ انتظامیہ اس فیصلے کو فوری واپس لے۔