لاہور ہائیکورٹ کے 24 ایڈیشنل ججوں کی مدت ملازمت میں توسیع
جوڈیشل کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے 24 ایڈیشنل ججوں کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کر دی جبکہ دس کی مدت ملازمت میں توسیع کی سفارش مسترد کر دی۔ کمیشن نے مشیر عالم کو سندھ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بھی نامزد کر دیا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں انیسویں ترمیم کے بعد جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرمد جلال عثمانی کو سپریم کورٹ کا جج نامزد کر دیا گیا۔ جبکہ مشیر عالم کو بطور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نامزد کر دیا گیا ہے ۔ اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے 9 ایڈیشنل ججوں کو مستقل کرنے کی سفارش کی گئی تاہم ان سے متعلق حتمی فیصلہ مشیر عالم کے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے حلف کے بعد کیا جائے گا۔ اجلاس میں خیبر پختون خواہ اور لاہور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججوں کی مدت میں توسیع کی سفارش کی گئی۔ مجموعی طور پر لاہور ہائی کورٹ کے 34 ایڈیشنل ججوں کا معاملہ زیر غور آیا تھا۔ 24 ججوں کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی جبکہ 10 کی سفارش کو مسترد کر دیا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس اخلاق احمد ، جسٹس حسن رضا ، جسٹس عبد الرحمان انصاری ، وقار حسن ، منصور کوکب ، طارق جاوید ، نسیم اختر ، انور بھور ، شاہد اقبال اور شوکت پیرزادہ کی مدت مدت ملازمت میں توسیع نہیں کی گئی۔