حج کرپشن کیس: سپریم کورٹ نے کنٹریکٹ ملازمین کی فہرست مانگ لی
سپریم کورٹ نے پولیس میں کنڑیکٹ پررکھے گئے افسران کی فہرست طلب کرلی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ کیا ملک میں بہت نوکریاں نکل رہی ہیں جوریٹائرڈ افرادکوکنڑیکٹ پررکھ رہے ہیں۔ کراچی کا آئی جی کنڑیکٹ پر ہے۔ کراچی کی حالت دیکھ لیں۔ سپریم کورٹ میں حج کرپشن کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں چھ رکنی بینچ نے کی۔ سیکرٹری مذہبی امور نے بیان دیا کہ چھ بینکوں کی 18 ہزاربرانچوں کےذریعے 26 ہزارحجاج کو فی حاجی سات سو ریال واپس کرنے کا عمل جاری ہے۔ اب تک سات ہزارچھ سو بائیس افراد کوادائیگی ہوچکی ہے۔ باقی ادائیگیاں 25 جنوری تک مکمل کر لی جائیں گی۔ اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈی جی ایف آئی اے وسیم احمد کو ہٹا کر حج سکینڈل کی تحقیقات ایڈیشنل ڈی جی سید جاوید علی شاہ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ اعظم سواتی کے وکیل افنان کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ابھی تک اس کیس میں کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہاکہ ہماری کوئی پسند ونا پسند نہیں صرف شفافیت چاہتے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس کیس میں صرف وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔ کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ سارا کیس ڈی جی ایف آئی اے نے خراب کیا۔ پہلے اس کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا جواد علی شاہ ڈی جی ایف آئی اے کے ماتحت ہیں وہ شفاف تحقیقات کیسے کریں گے۔ لگتا ہے کسی کوبچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کیا بہت نوکریاں نکل رہی ہیں جوریٹائرڈ لوگوں کوکنڑیکٹ پررکھ رہے ہیں۔ کراچی میں آئی جی کوکنڑیکٹ پر ہے اورکراچی کی جو حالت ہے وہ دیکھ لیں۔ کراچی میں صرف رواں ماہ اب تک 75 لوگ مارے جا چکے ہیں۔ جسٹس خلیل الرحمٰن رمدے نے کہا کہ گیس کمپنی کا ایم ڈی بھی کنڑیکٹ پرہے اور گیس نہیں مل رہی۔ ریٹائرڈ افرادکوکنڑیکٹ پررکھ کرممنون کیا جاتا ہے اورمرضی کے کام لئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زین سکھیرا کا پتہ چل گیا کہ وہ بھی ملزم ہے۔ پھر بھی اس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ جسٹس جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ اب تک جوتفتیش ہوئی ہے اس سے توملزمان چاردن میں ٹرائل کورٹ سے فارغ ہوجائیں۔ تفتیش میں ایمانداری نظرنہیں آرہی۔ سپریم کورٹ نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کوکل تک پولیس میں کنڑیکٹ افسران کی فہرست پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔