پی سی اوججوں کیخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ
سپریم کورٹ نے پی سی اوججوں کے خلاف توہین عدالت کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔ دوران سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ نےریمارکس دئیے کہ پی سی او ججوں کے متعلق فیصلے سے پہلے جرنیلوں کو نوٹس جاری کرنے کے بارے میں فیصلہ دیں گے۔ جسٹس شاہد صدیقی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے چار رکنی بینچ کے روبرو کیس کی سماعت کے دوران جسٹس حسنات کے وکیل نے استدعا کی کہ جرنیلوں کو نوٹس جاری کئے جانے تک پی سی او ججوں کے خلاف توہین عدالت کی سماعت روک دی جائے۔ کیس سے تاثر ملتا ہے کہ عدالت خاکی والوں کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی جبکہ کالے کوٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا عدالت کی معاونت کیلئے بار کے عہدیداروں کو طلب کیا جائے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نےریمارکس دئیے کہ کیس کے فیصلے سے پہلے جرنیلوں کو نوٹس جاری کرنے کے بارے میں فیصلہ دیا جائے گا۔ جسٹس سید زاہد حسین کے وکیل ایس ایم ظفر کا مؤقف تھا کہ کسی بھی جج کے خلاف کارروائی صرف آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت ہو سکتی ہے۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔