کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی سے جبری طور پر فارغ کئے گئے ملازمین کا احتجاج دوسرے دن بھی جاری ہے اورملازمین کے ای ایس سی کے ہیڈ آفس کے سامنے قرآن خوانی کر رہے ہیں۔ کے ای ایس سی نے ادارے میں رضاکارانہ علیحدگی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے ساڑھے چار ہزار ملازمین کو جبری طور پر فارغ کردیا تھا۔ اور برطرفی کے خطوط ڈاک کے ذریعے رات گئے ملازمین کے گھروں پر ارسال کردیئے گئے۔ کے ای ایس سی لیبر یونین نے انتظامیہ کے رویے کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کی صبح کے ای ایس سی ہیڈ آفس سے شروع ہونے والااحتجاج اب تک جاری ہے لیکن کے ای ایس سی حکام نے ان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ شروع نہیں کیا۔ ملازمین کا مطالبہ ہے کہ جبری برطرفی کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔ لیبر یونین کے رہنماؤں کا کہنا ہےکہ جبری برطرفی ملازمین کا معاشی قتل عام ہے انتظامیہ اس فیصلے کو فوری واپس لے۔