مسلم لیگ ن نے وزیر اعظم کو تین دن کی مہلت دیدی

مسلم لیگ ن نے وزیر اعظم کو تین دن کی مہلت دیدی
مسلم لیگ نواز نے وزیر اعظم گیلانی کو مطالبات کی منظوری کیلئے تین دنوں کی مہلت دے دی ہے۔ قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو تین دن کی مہلت دینی چاہیے اور ان کے جواب کیلئے ہاں اور نہ میں منتظر رہیں گے۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اگلے 45 دنوں میں ایجنڈے کو عملی جامہ پہنائیں۔ اور اگر تین دنوں میں مطالبات نہ مانے تو پنجاب میں پیپلز پارٹی سے اتحاد ختم کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حج ، پنجاب بینک، سبمیرینز، سٹیل ملز سکینڈلز کے مجرمان کو کہٹرے میں لایا جائے۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام جانتی ہے کہ صدر زرداری سے کیے گئے معاہدوں کا کیا حشر ہوا۔ اور عوام میثاق جمہوریت کے پس منظر کے بارے میں جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو فیصلہ آج سیاسی جماعتوں نے کیا ہم نے ڈھائی سال پہلے کر لیا تھا۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ معاہدوں کی خلاف ورزی پر اپوزیشن میں آ گئے تھے۔ کرپشن میں ملوث وزرا کا محاسبہ کرنے کا مطالبہ بار بار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر اور وزیر اعظم سے کرپشن کے خاتمے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ ماضی میں کیے گئے فیصلوں کا کیا حال ہوا۔ گزشتہ سال صدر زرداری کو مفصل خط لکھا، جس کا جواب ڈیرھ ماہ بعد آیا۔ صدر کا خط کہانی کے سوا کچھ نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر اور وزیر اعظم سے کہا کہ عدلیہ کے فیصلوں پر عمل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سطح پر کرپشن کا خاتمہ کیا جائے۔ دفاعی بجٹ کا عمل شفاف کیا جائے۔ ایف بی آر سے کرپشن کا خاتمہ کیا جائے۔ عدالتوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کیا جائے۔ الیکشن کمیشن کو آزاد بنایا جائے۔ پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹیوں کو مضبوط اور موثر بنائے جائے۔ آئین شکنی پر پرویز مشرف کا احتساب کیا جائے۔ سرکاری اخراجات میں تیس فیصد کمی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت خاصی کمزور ہے ، محترمہ ہوتی تو حکومت مضبوط ہوتی۔ وقت آ گیا ہے کہ حکمرانوں سے دو ٹوک بات کی جائے۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ حکومت پر اتنا بوجھ ڈالنا چاہتے ہیں جتنا وہ برداشت کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں رد و بدل کا نظام وضع کیا جائے۔ اور کرپشن میں ملوث وزرا اور حکام کو فارغ کیا جائے۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz