ملتان میں حضرت بہاوالدین زکریا کے تین روزہ عرس کی وجہ سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی نائب صدر بائیڈن سے ملاقات سے معذرت کر لی ہے۔ امریکی نائب صدر جوزف بائیڈن آج سے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے دی تھی۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جوزف بائیڈن آج رات کسی وقت پاکستان پہنچیں گے اور یہاں اپنے قیام کے دوران صدر زرداری، وزیراعظم گیلانی اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی نائب صدر کی مسلم لیگ نواز کے قائد نوازشریف سے ملاقات ہوسکتی ہے۔ جوزف بائیڈن افغانستان میں طالبان کے ساتھ مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ امریکی نائب صدر ایک ایسے وقت میں پاکستان کا دورہ کررہے ہیں جب امریکہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن جلد شروع کرنے کیلیے پاکستان پر دباو بڑھا رہا ہے۔